تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ابتدائی تخمینہ کے مطابق 5ہزار کروڑ روپئے کا نقصان

مرکزی حکومت فی الفور 2ہزار کروڑ روپئے جاری کرے:ریونت ریڈی

ا
بارش اور سیلاب مہلوکین کی تعداد 16ہوگئی ۔کئی مواضعات پانی میں محصور

حیدرآباد۔2ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ ریاست میں بارش اور سیلاب کے باعث ابتدائی تخمینہ کے مطابق 5ہزار کروڑ روپئے کا نقصان ہواہے۔انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت کو فی الفور 2ہزار کروڑ روپئے مختص کرنے چاہئیں۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی سے بارش کے نقصانات کے جائزہ کی خواہش کی گئی ہے۔چیف منسٹر ریونت ریڈی بارش سے متاثرہ علاقوں کے معائنہ کے خصوص میں کھمم روانگی کے دوران سورےہ پیٹ میں مختصراً توقف کیا۔اس موقع پر چیف منسٹر نے ضلع میں فصلوں اور املاک کے نقصانات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔

انہوںنے ناگرجناساگر کی بائیںنہر میں شگاف سے فصلوں کے نقصانات کے بارے میں دریافت کیا۔سورےہ پیٹ ضلع میں 30سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوںنے عہدیداروں پر زوردیاکہ وہ عوام کےلئے ہمیشہ دستیاب رہیں۔عہدیداروں نے فصلوں اور املاک کے نقصانات پر ابتدائی رپورٹ پیش کی ہے۔وزراءاور عوامی نمائندے زمینی سطح پر موجود ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عوامی نمائندے اور عہدیداران جان ومال کے نقصانات کی روک تھام کےلئے احتیاطی اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں۔چیف منسٹر نے کہاکہ کھمم اور نلگنڈہ کی صورتحال سے وزیر اعظم نریندرمودی ‘مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور راہول گاندھی کو واقف کروایاگیاہے اور مدد طلب کی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ بارش کے مہلوکین کے لواحقین کو 5لاکھ روپئے معاوضہ دیاجائے گا۔مویشیوں کی موت پر متاثرہ کسانوں کو50ہزار روپئے امداد دی جائے گی۔فصلوں کے نقصانات پر فی ایکر کےلئے 10ہزار روپئے معاوضہ فراہم کیاجائے گا۔چیف منسٹر نے اعلان کیاکہ بارش کے باعث منہدمہ مکانا ت کے متاثرین کو اندرماں مکانات فراہم کئے جائیںگے۔انہوںنے کہاکہ فی الفور امداد کے طور پر کلکٹر سورےہ پیٹ کو 5کروڑرو پئے جاری کئے گئے ہیں۔تعلیمی اداروں کوتعطیلات کے خصوص میں ضلع کلکٹرس کو فیصلہ کا اختیار تفویض کیاگیاہے۔انہوںنے سیلاب زدگان کی مدد کےلئے آگے آنے پرسابق نائب صدرجمہورےہ ہند وینکیانائیڈو کا شکرےہ اداکیا۔

انہوںنے کہاکہ مرکزی وزراءکشن ریڈی اور بنڈی سنجے کو ریاست کےلئے فنڈس کے حصول کے خصوص میں کام کرنا چاہئے۔ریونت ریڈی نے پرزورانداز میںکہاکہ ےہ سیاست کا وقت نہیں ہے۔بعدازاں چیف منسٹر ریونت ریڈی کھمم پہنچے اوربارش اورسیلاب کی تباہ کاریوں کاتفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا‘وزراءپی سرینواس ریڈی ‘اتم کمار ریڈی‘کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ریاست تلنگانہ میں بارش اور سیلاب کی وجہ سے مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 16ہوگئی ہے۔بارش کی وجہ سے ریاست کے متعدد اضلاع میں معمول کی زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ جن کی تلاش کےلئے کارروائی جاری ہے۔کچھ علاقوں میںسیلابی پانی کی سطح میںکمی واقع ہوئی ہے۔نرمل میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقہ زیر آب آگئے ہیں۔کھمم ٹاﺅن میں کم ازکم 15رہائشی کالونیاں زیر آب آگئی ہیں۔منیرو ندی لبریز ہوجانے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ضلع کھمم میںزائد از 100مواضعات اب بھی پانی میں محصور ہیں۔کھمم اور کتہ گوڑم میں جملہ 9افراد پانی میںبہہ گئے تھے جن میں ایک شخص یعقوب کی لاش دستیاب ہوئی جبکہ یعقوب کی اہلےہ سعیدہ کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چلا ہے۔ےہ جوڑا پالیر کے کسو منچی منڈل کے نایاکن گوڑم میں پانی میںبہہ گیاتھا۔یرو پالم میں ایک ‘ضلع کھمم کے بوناکل میںا یک ‘اشواپورم منڈل میں دو اور ضلع کتہ گوڑم کے منوگور منڈل میں ایک لاش دستیاب ہوئی۔این موتی لال کی لاش بھی آج دستیاب ہوئی جوکہ کار میں سفر کے دوران اپنی دختر اشوینی کے ہمراہ پانی میںبہہ گئے تھے۔واضح رہے کہ اشونی کی لاش کل دستیاب ہوئی تھی اور آج والد موتی لال کی لاش دستیاب ہوئی۔پدا پلی میں علیحدہ علیحدہ واقعات میں پانی میںبہہ جانے والے دو افراد کی لاشیں بھی دستیاب ہوئیں۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button