سعودی عرب کو صاف توانائی کے ذرائع سے فائدہ اٹھانے کا حق حاصل ہے :اٹامک انرجی ایجنسی
سعودی عرب کو صاف توانائی کے ذرائع سے فائدہ اٹھانے کا حق حاصل ہے :اٹامک انرجی ایجنسی
ریاض، یکم ستمبر: انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا کہ سعودی عرب کو صاف توانائی کے ذرائع سے فائدہ اٹھانے کا حق حاصل ہے اور جوہری توانائی کے شعبے میں سعودی عرب کے عزائم مکمل طور پر جائز ہیں۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے العربیہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ جوہری توانائی کے شعبے میں سعودی عرب کے عزائم مکمل طور پر جائز ہیں۔ انہوں نے انٹرویو کے تناظر میں مزید کہا کہ انہیں سعودی عرب کے بین الاقوامی کنٹرول کے احترام اور ایجنسی کے ساتھ قریبی تعاون کے بارے میں کوئی شک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا سعودی عرب کو صاف توانائی کے ذرائع سے فائدہ اٹھانے کا حق حاصل ہے۔
رافیل گروسی نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ جوہری توانائی کا پرامن استعمال ایک واضح راستہ ہے جو کاربن سے پاک مستقبل کی طرف لے جاتا ہے۔ صاف توانائی کے بتدریج تصور کی طرف منتقلی پر ہم سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ یہ بات چیت موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات کے دوران کی جارہی ہے۔
یاد رہے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی عرب پہلا جوہری پاور سٹیشن بنانے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے 2022 میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی طرف سے شروع کی گئی امید کی کرنوں کے اقدام کے لیے مملکت سعودی عرب کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے ایجنسی کو سیبرزڈورف میں نیوکلیئر سیکیورٹی ٹریننگ سینٹر کے کام کے جلد آغاز پر بھی مبارکباد پیش کی۔ یہ سنٹر اس سال اکتوبر میں کھلنے والا ہے۔