تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

قرض کی معافی کے معاملہ میں ریونت ریڈی نے راہول گاندھی کو بھی گمراہ کیا :ہریش راﺅ

قرض کی معافی کے معاملہ میں ریونت ریڈی نے راہول گاندھی کو بھی گمراہ کیا
میڈیا کے ساتھ’ ’چٹ چاٹ‘ ‘کے دوران چیف منسٹر کے انکشافات دراصل ”چیٹ چاٹ“ :ہریش راﺅ

حیدرآباد۔29اگست(آداب تلنگانہ نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے کسانوں کے زرعی قرضہ جات کی معافی پرعمل آوری کے خصوص میں گمراہ کن ادعا جات کا حوالہ دیتے ہوئے سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی سدی پیٹ ہریش راﺅنے کہاکہ اس طرح کے روےہ کے باعث عوام اور کسانوں میں الجھن اور مایوسی پائی جاتی ہے۔تلنگانہ بھون میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کے دوران ہریش راﺅ نے آج کہاکہ ریونت ریڈی نے حتیٰ کہ کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی کو بھی قرض معافی کے وعدے کی تکمیل کے اپنے دعوﺅں کے ذریعہ گمراہ کیاہے۔انہوںنے ریاست کے دورہ پر راہول گاندھی کے خیر مقدم اور انہیں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے آبائی موضع کونڈا ریڈی پلی میں بھی قرضہ جات کی معافی کے تعلق سے حقائق سے واقف کروانے کی پیشکش کی۔انہوںنے پرزوراندازمیں کہاکہ چیف منسٹر کے بیانات اور قرض معافی کے اعدادوشمار میں مطابقت نہیں ہے ۔جس کی وجہ سے اعتماد میں کمی اورشفافیت کا فقدا ن ہے۔ہریش راﺅ نے کہاکہ جس طریقہ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے قرض معافی کے معاملہ سے نمٹنے کی کوشش کی ۔اس سے کافی الجھن پیدا ہوتی ہے اور کسان اسے دھوکہ دہی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔حال ہی میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ’چٹ چاٹ‘ کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی کے انکشافات کا حوالہ دیتے ہوئے ہریش راﺅ نے اسے ”چیٹ چاٹ“قرار دیا اور کہاکہ چیف منسٹر کی بات چیت میں حقائق سے زیادہ دھوکہ دہی اور جھوٹ شامل ہے۔انہوںنے یاددلایاکہ ریونت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران حیدرآباد کے پرانے شہر میں برقی بلوں کی وصولی کی ذمہ داری اڈانی گروپ کے حوالے کرنے کا اعلان کیاتھا۔تاہم جیسے ہی بی آرایس کی جانب سے ےہ مسئلہ اٹھایاگیا تب تنازعہ اور ردعمل سامنے آیا۔تب چیف منسٹر نے اسمبلی میں اس طرح کے کسی بھی قسم کے اقدام کی نفی کی اوراسے مسترد کردیا۔

موسمی امراض میں اضافہ پر ہریش راﺅ کا اظہار تشویش
کانگریس حکومت میں ناقص نظم ونسق کے باعث صورتحال ابتر

حیدرآباد۔29اگست(آداب تلنگانہ نیوز)موسمی بیماریوں بشمول ڈینگو‘ ملیریا اور وائر ل فیور کے پھیلنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سابق ریاستی وزیر صحت ورکن اسمبلی سدی پیٹ ہریش راﺅ نے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کی۔ہریش راﺅ نے کہاکہ موسمی امراض کے باعث دواخانوں میں مریضوں کا ہجوم ہے اور طبی سہولتوں کی کمی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامناکرناپڑرہاہے۔انہوںنے کہاکہ آج ریاست مسائل سے دوچار ہے تاہم کانگریس حکومت مسائل کی یکسوئی میں بالکلےہ طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ہریش راﺅ نے حکومت کی جانب سے بحران سے نمٹنے کے خصوص میں عوام کے خدشات کو اجاگر کیا۔سوشیل میڈیا پلیٹ فارمXپر سابق ریاستی وزیر نے ریاست میں ابتر صورتحال پر اپنی شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ہریش راﺅ نے ایک ٹوئٹ کو دفترچیف منسٹر تلنگانہ اور محکمہ صحت کو ٹیگ کرتے ہوئے پوسٹ کیا۔انہوںنے حکومت کی لاپرواہی پر تنقید کی اور کہاکہ بیماریوں اور وباﺅں کا تیزی سے پھیلنا ناقص نظم ونسق اور غیر موثر صفائی انتظامات کا واضح اشارہ ہے۔انہوںنے پرزورانداز میں کہاکہ شعبہ صحت میں موجودہ بحران غیر منقسم ریاست کے ایام کی یاددلاتاہے ۔جہاں اس طرح کے مسائل موجود تھے۔عوام سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ہر دوافراد میں ایک فرد مبینہ طور پر وائرل فیور سے متاثر ہے۔ سرکاری دواخانوں میں ادویات اور ڈینگو کٹس کی قلت ہے۔ جس کی وجہ سے مریض خانگی دواخانوں کو علاج ومعالجہ کےلئے رجوع ہونے پرمجبور ہیں۔جس کی وجہ سے غریب عوام پر مالی بوجھ عائد ہورہاہے۔سابق ریاستی وزیر نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد عمل میںلائے۔دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں موثر صفائی انتظامات کو یقینی بنایاجائے۔تمام سرکاری دواخانوں میں ضروری طبی سہولیات اورادویات کی دستیابی کو یقینی بنایاجائے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button