غیر قانونی انسانی منتقلی کے سدباب کے متعلق ویمن سیفٹی ونگ کے زیر اہتمام اجلاس: وزیر سیتکّا کی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت اور خطاب
حیدرآباد 29/اگست: ریاستی وزیر برائے پنچایت راج، دیہی ترقیات ودیہی آبی سربراہی و بہبود خواتین واطفال ڈاکٹر دناسری انسویا سیتکّا نے ایچ آئی سی سی حیدرآباد میں غیر قانونی انسانی منتقلی کے سدباب کے متعلق ویمن سیفٹی ونگ کی جانب سے منعقد کردہ اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست تلنگانہ میں محکمہ پولیس خواتین اور اطفال کو آزادانہ ماحول میں زندگی بسر کرنے کے لئے ممکنہ اقدامات کررہا ہے۔ خواتین کے خلاف جرائم کو ممکنہ حد تک کم کرنے میں ویمن سیفٹی ونگ ڈی جی شکھا گوئل اور محکمہ پولیس منفرد رول ادا کررہا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں عمل پزیر She Team کے نظام سے خواتین کا تحفظ اور خواتین کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔ T-Safe ایپ کے ذریعہ بھی خواتین اپنے آپ کو محفوظ سمجھ رہی ہیں۔ علاوہ اس کہ غیر قانونی انسانی منتقلی کو روکنے کے لئے نت نئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ غریب، مزدور پیشہ اور نقل مکان مزدوروں کو نشانہ بناتے ہوئے خواتین اور بچوں کی غیر قانونی منتقلی کی جارہی ہے۔ دوسری ریاستوں اور ممالک میں لے جاکر ان کو فروخت کیا جارہا ہے۔ غیر قانونی انسانی منتقلی کے متعلق ہر کسی کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ سماج ترقی کررہا ہے اور انسانوں کی سوچ میں کوئی تبدیلی دکھائی نہیں دیتی۔ خواتین کے متعلق تنگ نظری کی برقراری سے ہی خواتین کی عصمت دری اور قتل جیسے سنگین جرائم ہورہے ہیں۔ وزیر ڈاکٹر سیتکّا نے بتایا کہ بیک وقت سزا اور تربیت کے ذریعہ ہی ان جرائم کو کم کیا جاسکتا ہے۔ خواتین کو ہوس کی نگاہ سے دیکھنے والی سوچ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی لئے اسکول کی سطح پر ہی بچوں میں اس کے متعلق شعور دلایا جارہا ہے۔ صحت مند دماغ ہی سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاسکتا ہے اور خواتین کو سماج میں مساویانہ مواقع دستیاب ہوں گے۔ سماج میں خواتین کسی نا کسی سطح پر ہراساں کی جارہی ہیں۔ اسکول کی چار دیواری سے اس روش کو روکنے کی تربیت ضروری ہے۔ وزیر خواتین واطفال نے مزید کہا کہ سابق میں خواتین بس اسٹاپ پر اکیلی ٹھہرنے سے خوف کھاتی تھیں۔ اب مفت بس سہولت سے بس اسٹاپ پر خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے خواتین کے خلاف شرارت اور ہراساں کے واقعات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ مفت بس سفر کی طرح خواتین کے لئے تلنگانہ حکومت اور بھی بہت سی اسکیموں اور پروگراموں کو روشناس کررہی ہے۔ خواتین کو معاشی بااختیار بنانے کے ساتھ سماجی طور پر بھی بااختیار بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ریاستی ڈی جی پی جیتیندر، ویمن سیفٹی ونگ ڈی جی شکھا گوئل، سیرپ سی ای او دیویا دیوراجن اور دیگر موجود تھے۔