ہندوستان ؍ ملک کی خبریں

وقف ترمیمی بل سے دستبرداری اختیار کرنے تلگودیشم سربراہ سے نمائندگی

کل ہند جمعیة المشائخ کے وفد کے ساتھ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے رکن کی چندرابابو نائیڈو سے ملاقات

وقف ترمیمی بل سے دستبرداری اختیار کرنے تلگودیشم سربراہ سے نمائندگی
کل ہند جمعیة المشائخ کے وفد کے ساتھ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے رکن کی چندرابابو نائیڈو سے ملاقات

حیدرآباد 27۔اگست (پریس نوٹ) مولانا ابوالفتح سید بندگی بادشاہ ریاض قادری جوائنٹ سکریٹری کل ہندجمعیة المشائخ و رکن تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ نے وقف ترمیمی بل 2024 سے پارلیمنٹ میں دستبرداری اختیار کرنے مرکزی حکومت میں شامل این ڈی اے کی اہم حلیف جماعت تلگودیشم پارٹی کے سربراہ و آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے مسلمانوں اور وقف کو ہونے والے مجوزہ بل کے نقصانات اور اس کے منفی اثرات سے تفصیلی طور پر واقف کروایا۔ اس موقع پرکل ہند جمعیة المشائخ کے صدر مولانا سید احمد نور اللہ حسینی ‘ جنرل سکریٹری مولانا سید مصطفی علی صوفی قادری سعید پاشاہ‘ قانونی مشیر مولانا ڈاکٹر قاضی سید شاہ سمیع اللہ حسینی بندہ نوازی بھی موجود تھے۔ اس نمائندگی پر چیف منسٹر اے پی این چندرابابو نائیڈو نے مولانا بندگی بادشاہ قادری اور ان کے ہمراہ وفد کو تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کریں گے اور اس مجوزہ بل کے ضمن میں مسلمانوں کی ممکنہ مدد کریں گے۔ مولاناابوالفتح سید بندگی بادشاہ قادری نے اس موقع پر وقف ترمیمی بل 2024 کی تمام کمزوریوں اور اس کے نقصانات پر مشتمل تفصیلی یادداشت بھی چندرا بابو نائیڈو کے حوالے کی‘ جسے جناب محمد شفیق الزماں ریٹائرڈ اسپیشل چیف سکریٹری حکومت نے تیا رکیا ہے۔ اے پی کے چیف منسٹر نے تحریری نمائندگی کو قبول کرتے ہوئے اسے اپنے اسپیشل سکریٹری کے حوالے کیا اور اس ضمن میں ضروری اقدامات کی ہدایت دی۔ مولانا بندگی بادشاہ قادری نے وقف ترمیمی بل کے تعلق سے تلنگانہ حکومت کے مشیر جناب محمد علی شبیر کی جانب سے سکریٹریٹ میں طلب کردہ اجلاس میں اور دہلی کے غالب انسٹیٹیوٹ میں انڈین مسلمس فار سیول رائٹس ( آئی ایم سی آر) کی جانب سے سابق ایم پی محمد ادیب کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کی تھی ‘جس میں کہا گیا تھا کہ مرکزی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقات کرکے وقف ترمیمی بل سے دستبرداری اختیار کرنے اور اس کے منفی پروپگنڈہ کا جواب دیا جائے ۔ اس پر انہوںنے کل ہند جمعیة المشائخ کے وفد کے ساتھ ‘اے پی کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کی اور ان تجاویز کو عملی جامہ پہنایا‘ جس کا مثبت رد عمل حاصل ہورہا ہے۔ مولانا ابوالفتح سید بندگی بادشاہ ریاض قادری نے مسلم تنظیموں اور ملی اداروں کے ذمہ داران اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ وقف ترمیمی بل 2024 کو دستبردار کروانے اور دباو بنانے کے لئے این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں ۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button