کویتا کی ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں منگل کو سماعت
کویتا کی ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں منگل کو سماعت
حیدرآباد۔26اگست(آداب تلنگانہ نیوز)دہلی ایکسائزپالیسی معاملہ میں کے کویتا رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کی ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں 27اگست منگل کو سماعت ہوگی۔واضح رہے کہ کے کویتا تہاڑ جیل میں محروس ہیں۔حال ہی میں کویتا کی صحت بگڑ گئی تھی اور انہیں علاج ومعالجہ کےلئے ایمس دہلی سے رجوع کیاگیاتھا۔کویتا کو معائنوں کے بعد دوبارہ جیل منتقل کیاگیا۔کے کویتا گزشتہ پانچ ماہ سے تہاڑجیل میں محروس ہیں۔انہیں ای ڈی نے 15مارچ کو حیدرآباد میںواقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیاتھا۔مشہور وکیل مکل روہتگی کویتا کی طرف سے دلائل پیش کریںگے۔بی آرایس قیادت کو توقع ہے کہ کویتا کو ضمانت مل جائے گی۔کویتا ماہ مارچ سے جیل میں محروس ہیں اور 16جولائی کو بھی کویتا کی جیل میں صحت بگڑ گئی تھی تب انہیںدہلی کے دین دیال اپادھیائے ہاسپٹل سے رجوع کیاگیاتھااور ان کاعلاج ومعالجہ کیاگیاتھا۔دودن بعد 18جولائی کوکے کویتا کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عدالت میں پیش کیاگیاتھا۔کویتا کی صحت سے متعلق مسائل سے جج کاویری باویجا کو واقف کروایاگیاتھا۔کویتا کی درخواست پر دہلی ایمس میں طبی معائنوں کی اجازت دی گئی تھی۔تب سے کویتا کی صحت مکمل طور پربہتر نہیں ہے۔جیل کے ڈاکٹرس ان کاعلاج کررہے ہیں۔22اگست کو پھرایک مرتبہ کویتا کی صحت بگڑ گئی۔جس کے ساتھ ہی انہیں دہلی ایمس سے رجوع کیاگیا۔کویتا کے شوہر انیل کی موجودگی میں ان کے معائنہ کئے گئے۔اسی دن دوپہر دوبجے کویتا کو واپس جیل منتقل کیاگیا۔جیل میں کویتا کا وزن تقریباً11کیلو کم ہوگیاہے۔