سنگاریڈی میں میڈی کنڈہ تانڈہ میں پینے کے پانی کی شدید قلت
سنگاریڈی میں میڈی کنڈہ تانڈہ میں پینے کے پانی کی شدید قلت
کانگریس حکومت میں پانی کے مسئلہ کا دوبارہ آغاز:ہریش راﺅ
حیدرآباد۔26اگست(آداب تلنگانہ نیوز)سابق وزیر ورکن اسمبلی سدی پیٹ بی آرایس ٹی ہریش راﺅ نے کہاکہ کانگریس کے دورحکومت میں تلنگانہ میں پینے کے پانی کامسئلہ دوبارہ شروع ہوگیاہے۔انہوںنے کہاکہ ضلع سنگاریڈی کے وٹ پلی منڈل کے میڈی کنڈہ تانڈہ کے عوام کو پینے کے پانی کےلئے گزشتہ 15یوم سے شدید مشکلات کا سامناہے۔خواتین پینے کے پانی کے حصول کےلئے طویل مسافت طئے کررہی ہیں۔خواتین خالی گھڑوں کے ساتھ گھروں سے دوردراز مقامات کو روانہ ہورہی ہیں اور گھڑوں میں تالابوں سے پانی بھر کر لارہی ہیں۔آلودہ پانی پینے کی وجہ سے لوگ بخار میںمبتلا ہورہے ہیں اور دواخانوں سے رجوع ہورہے ہیں۔ہریش راﺅ نے کہاکہ تانڈہ کے عوام مشن بھگیرتھا کے تحت پینے کے پانی کی عدم فراہمی کی شکایت کررہے ہیں تاہم عہدیداران اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ہریش راﺅ نے کہاکہ پینے کے پانی کے مسئلہ کو ضلع کلکٹر سنگاریڈی فی الفور توجہ مرکوز کریں ۔انہوںنے کہاکہ میڈی کنڈہ تانڈہ کے عوام کو فی الفور پینے کے پانی کی سربراہی عمل میں لائی جائے۔انہوںنے کہاکہ اگر پینے کےلئے صاف وشفاف پانی کی سربراہی عمل میںنہیں آتی ہے تب عوام بیماریوں میںمبتلا ہونے کا خدشہ لاحق ہوگا۔