ہندوستان یوکرین بحران کے پرامن حل میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے: مودی
ہندوستان یوکرین بحران کے پرامن حل میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے: مودی
کیف، 23 اگست: وزیر اعظم نریندر مودی نے جنگ زدہ یوکرین کو ہندوستان کی جانب سے ہر ممکن انسانی امداد فراہم کرانے کا یقین دلاتے ہوئے صدر ولادیمیر زیلینسکی سے جمعہ کو کہا کہ یوکرین روس کے درمیان جنگ کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کیاجانا چاہیے۔
مسٹرمودی نے کہا کہ ہندوستان یوکرین جنگ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے حق میں ہے اوراس میں دوست کی طرح فعال کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ تیاررہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوموں کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام کے اصول پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔
یوکرین کے ایک روزہ دورے پر آئے مسٹر مودی نے صدر زیلنسکی سے بات چیت میں کہا کہ انہوں نے ماسکو کے اپنے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن سے بھی کہا تھا کہ یہ جنگ کا نہیں امن کا وقت ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان شروع سے جنگ سے دور رہا ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہندوستان غیر جانبدار رہا ہے، ہندوستان کا موقف امن کا موقف ہے، ہندوستان امن کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے یوکرین کے صدر سے کہا کہ ایک دوست کی حیثیت سے ہندوستان اور وہ خود بھی امن کی کوششوں میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اپنے دورہ کیف کو تاریخی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی بار کوئی ہندوستانی وزیر اعظم یوکرین کی سرزمین پر آیا ہے۔ انہوں نے یوکرین میں استقبال کے لئے صدر زیلینسکی کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹرمودی نے یوکرین-روس جنگ کے ابتدائی دنوں میں یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانی طلباء کو نکالنے میں مسٹر زیلنسکی کے تعاون کے اظہار کے لیے شکریہ ادا کیا۔