تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

سوچھ بائیو اور تلنگانہ حکومت کے درمیان یادداشت مفاہمت پر تشویش کا اظہار

سوچھ بائیو اور تلنگانہ حکومت کے درمیان یادداشت مفاہمت پر تشویش کا اظہار
کمپنی کے ڈائریکٹرس میں چیف منسٹر کے بھائی شامل ۔ بی آرایس کی ای ڈی سے شکایت

حیدرآباد۔20اگست(آداب تلنگانہ نیوز)بھارت راشٹرا سمیتی (بی آرایس)کے سرکاری ترجمان ایم کریشانک نے نئی دہلی ہیڈ کوارٹر میں انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی )میں شکایت درج کروائی ہے جس میں سوچھ بائیو اور تلنگانہ حکومت کے درمیان یادداشت مفاہمت پر شدید تشویش کا اظہار کیاگیاہے۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے 6اگست 2024کو اعلان کردہ یادداشت مفاہمت میں ایک ہزار کروڑ روپئے کی سرماےہ کاری شامل ہے۔ای ڈی کے عہدیداروں نے شکایت کو قبول کرلیا اور رسید حوالے کی۔شکایت میں سوچھ بائیو اور تلنگانہ حکومت کے درمیان یادداشت مفاہمت پر شکوک وشبہات کا اظہار کیاگیاہے۔اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ سوچھ بائیو کے ڈائریکٹرس میں اے جگدیشور ریڈی بھی شامل ہیں جو چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بھائی ہیں۔کریشانک نے ای ڈی کو تحریر کردہ مکتوب میں کہاکہ یہ تشویشناک بات ہے کہ سوچھ بائیو کے ڈائریکٹرس میں چیف منسٹر کے بھائی اے جگدیشور ریڈی بھی شامل ہیں جوکہ اس معاملت کی شفافیت پر سوالےہ نشان ہے۔علاوہ ازیں شکایت میں اس بات کو بھی اجاگر کیاگیاہے کہ سوچھ بائیو کو چیف منسٹر کے سرکاری دورے امریکہ سے صرف 15یوم قبل ان کارپوریٹ کیاگیااور یادداشت مفاہمت پر دستخط ثبت کئے گئے۔کمپنی جو جوبلی ہلز حیدرآباد کے پتہ پر رجسٹر ڈ ہے ۔مبینہ طور پر ایک شیل کمپنی ہے جس کا کوئی فعال بزنس نہیں ہے۔امریکہ میں اس کمپنی کے اعلان کا مقصد کیاہے؟۔کیا اس میں غیر ملکی فنڈس شامل ہیں ؟۔کیا اس کا منی لانڈرنگ سے کوئی تعلق ہے؟۔شکایت میں مذکورہ بالا سوالات کئے گئے ہیں۔شکایت میں ہرشا پسونوری کی شمولیت کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیاگیاہے۔جن کی تصویر یادداشت مفاہمت پر دستخط کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ساتھ دکھائی گئی ۔کریشانک نے مزید کہاکہ جو شخص تصویر میں چیف منسٹر کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کررہاتھا وہ ہرشا پسونوری تھا۔اسے اور چیف منسٹر کے بھائی کو اپنے مالی موقف کے تعلق سے وضاحت کرنی چاہئے اورےہ بتاناچاہئے کہ وہ ایک ہزار کروڑر وپئے کی سرماےہ کاری کےلئے کیسے آگے آئے ہیں۔کریشانک نے عہدیداروں پر زوردیاکہ وہ اس معاملہ کی جامع تحقیقات کریں۔اس معاملت کو سراسر بدعنوانی قرار دیتے ہوئے کریشانک نے عہدیداروں سے درخواست کی کہ وہ برائے مہربانی ہماری اپیل کو شکایت کے طور پر قبول کریں اور سوچھ بائیو کے ڈائریکٹرس کے ساتھ ساتھ ریونت ریڈی کے خلاف منصفانہ تحقیقات کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button