شہر کی خبریں

حیدرآبادمیں شدیدبارش۔نشیبی علاقوں میں پانی داخل

حیدرآبادمیں شدیدبارش۔نشیبی علاقوں میں پانی داخل
ایل بی اسٹیڈیم کی دیوارمنہدم۔گاڑیوں کو نقصان۔مشیر آباد میں بارش کے پانی میں بہہ جانے سے مزدور کی موت

حیدرآباد۔20اگست(آداب تلنگانہ نیوز) شہرحیدرآبادمیں کل رات دیرگئے شدید بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں تمام بڑی سڑکوں اور کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا۔ بارش کا سلسلہ صبح تک بھی جاری رہا۔ پرانا شہر کے بیشتر علاقوں کے ساتھ ساتھ سرور نگر، ایل بی نگر، ناگول،الکاپوری، امیرپیٹ، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، خیریت آباد، نامپلی، بشیر باغ، حمایت نگر، عابڈس، نامپلی، قطب اللہ پور، گاجولارامارم، جگت گیرگٹہ، بہادر پلی، سورارام، سچترا، گنڈلا پوچم پلی،پیٹ بشیرآباد اوردوسرے علاقوں میں بارش ہوئی۔ ونستھلی پورم، بی این ریڈی نگر، حیات نگر، پداعنبرپیٹ اور عبداللہ پورمیٹ کے علاقوں میں سڑکیں تالابوں میں تبدیل ہوگئیں۔ خیریت آباد کی مرکزی سڑک پر گھٹنوں برابرپانی جمع ہوگیا۔ مشیرآباد کے نشیبی علاقوں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ رام نگر، پارسی گٹہ، بدھا نگر اور گنگا پترا کالونیاں شدید پانی کی زد میں آ گئیں۔ مقامی افرادنے بتایا کہ نامعلوم شخص پانی میں بہہ گیا۔ بعض مقامات پر کاریں بہہ گئیں،بلدیہ کے عہدیداروں نے عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے کیونکہ کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جب تک کوئی ہنگامی صورتحال نہ ہو باہر نہ نکلیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے حیدرآباد کے لیے ایلو الرٹ جاری کردیا ہے۔ بلدیہ اور ڈی آر ایف عملہ نے کئی مقامات پر راحت کا کام شروع کیا ہے۔رنگا ریڈی ضلع کے گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) حدود میں مسلسل بارش کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے منگل کو اسکولس کیلئے تعطیل کا اعلان کیا ۔ ضلع کے بقیہ دیہی علاقوں میں واقع اسکولوں کے ہیڈ ماسٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اسکولوں کی عمارت کا جائزہ لیں اور اگر ضروری ہو تو چھٹی کا اعلان کریں ۔ شہرحیدرآباد کے رام نگر علاقہ میں بارش کے شدید پانی میں بہہ جانے والے ایک شخص کی موت ہوگئی۔اس شخص کی شناخت یومیہ مزدوری کرنے والے 43سالہ وجئے کے طورپر کی گئی ہے۔مشیرآباد اسمبلی حلقہ کے رام نگر میں بیپسٹ چرچ کے قریب منگل کی صبح یہ مزدوربہہ گیا جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔ شہرحیدرآبادمیں شدید بارش کے سبب ایل بی اسٹیڈیم کی حفاظتی دیوار منہدم ہوگئی۔ذرائع کے مطابق بارش کے دوران سی سی ایس بشیرباغ کے پرانے دفتر کی طرف کی اسٹیڈیم کی دیوار گر گئی جس کے نتیجہ میں پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔اطلاع پر بلدیہ کے عہدیداروں نے وہاں پہنچ کر ملبہ کو ہٹانے کا کام کیا۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button