کویتا کی ضمانت کی درخواستوں پر سپریم کورٹ میں منگل کو سماعت
کویتا کی ضمانت کی درخواستوں پر سپریم کورٹ میں منگل کو سماعت
حیدرآباد۔18اگست(آداب تلنگانہ نیوز)سپریم کورٹ 20اگست منگل کو بی آرایس لیڈر ورکن قانون ساز کونسل کے کویتا کی مبینہ دہلی ایکسائز پالیسی اسکام سے منسلک بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرے گی۔سپریم کورٹ نے 12اگست کو سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی)اور انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)سے کویتا کی ضمانت کی درخواستوں پر جواب طلب کیاتھا۔کویتا نے دہلی ہائی کورٹ کے یکم جولائی کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے جس میں مذکورہ بالادونوں کیسس میں کویتا کو ضمانت کی فراہمی سے انکار کیاگیاتھا۔سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر پیش کردہ فہرست کے مطابق جسٹس بی آر گوائی اور کے وی وشواناتھن کی بنچ 20اگست کو کویتا کی درخواستوں پر سماعت کرے گی۔12اگست کو درخواستوں کی سماعت کے دوران کویتا کے وکیل نے ےہ کہتے ہوئے ضمانت کی منظوری کی درخواست کی تھی کہ کویتا تقریباً5ماہ سے محروس ہیں اور کویتا کے خلاف چارج شیٹ اور استغاثہ کی شکایت پہلے ہی سی بی آئی اور ای ڈی داخل کرچکے ہیں۔استغاثہ کی شکایت ای ڈی کی چارج شیٹ کے مماثل ہے۔کویتا کے وکیل نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال اور عام آدمی پارٹی کے رہنما منیش سسوڈیاکی طرف سے دائر کردہ درخواستوں پرعدالت عظمیٰ کے فیصلو ں کا بھی حوالہ دیاتھا۔ سپریم کورٹ نے قبل ازیں مبینہ اسکام سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں کجریوال کو عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ منیش سسوڈیا کومبینہ دہلی ایکسائز پالیسی اسکام سے منسلک بدعنوانی اور منی لانڈرنگ دونوں ہی معاملات میںضمانت منظور کی گئی ہے۔ہائی کورٹ نے دونوں ہی معاملات میں یکم جولائی کو کویتا کی ضمانت کی درخواستوں کو ےہ کہتے ہوئے رد کردیاتھاکہ وہ دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22کی تشکیل اور اس کے نفاذ سے متعلق مجرمانہ سازش میں اہم سازش کاروں میں کلیدی ملزمہ ہےں۔سی بی آئی اور ای ڈی نے پالیسی کی تشکیل اور نفاذ میں مبینہ بدعنوانی اور منی لانڈرنگ سے متعلق علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کئے ہیں۔ای ڈی نے 46سالہ کویتا کو 15مارچ کو بنجارہ ہلزحیدرآباد میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیاتھا۔سی بی آئی نے کویتا کومبینہ اسکام سے منسلک بدعنوانی کے معاملہ میں 11اپریل کو گرفتار کیاتھا۔کویتا نے تمام الزامات کی تردید کی ہیں۔کویتا کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہاتھاکہ فی الحال باقاعدہ ضمانت کی منظوری کا کوئی جواز نہیں ہے کیوںکہ تحقیقات اہم مرحلہ میں ہے۔ہائی کورٹ نے خاتون ہونے کی بنیاد پر کویتا کو راحت دینے کی درخواست کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہاتھاکہ ایک تعلیم یافتہ شخصیت اورسابق رکن پارلیمنٹ ہونے کے ناطے انہیں ایک کمزور خاتون کے مماثل قرار نہیں دیاجاسکتا۔عدالت نے کہاتھاکہ ان کے خلاف سنگین الزامات کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔کویتا نے ٹرائل کورٹ کے 6مئی کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیاتھا۔ٹرائل کورٹ نے سی بی آئی کے بدعنوانی اور ای ڈی کے منی لانڈرنگ کیس میں کویتا کی ضمانت کی درخواستوں کو خارج کردیاتھا۔ای ڈی کے کیس میںہائی کورٹ کے روبرو بی آرایس لیڈر نے کہاتھاکہ اس ایکسائز پالیسی سے ان کاکچھ لینا دینا نہیں ہے۔ان کے خلاف مرکز میں برسر اقتدار جماعت نے ای ڈی کے ذریعہ مجرمانہ سازش کی ہے۔