تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی رہائش گاہ کے باہر گروکل ٹیچر امیدواروں کا احتجاج

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی رہائش گاہ کے باہر گروکل ٹیچر امیدواروں کا احتجاج
2500مخلوعہ جائیدادوں پر فی الفور تقررات کےلئے اقدامات کاپرزورمطالبہ

حیدرآباد۔18اگست(آداب تلنگانہ نیوز)گروکل ٹیچر امیدواروں نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی کی رہائش گاہ کے باہر پھر ایک مرتبہ احتجاج منظم کیا اور تقررات کا مطالبہ کیا۔احتجاجیوں نے ریاستی حکومت پر زوردیاکہ وہ ڈاﺅن میرٹ لسٹ جاری کرے اور مختلف محکمہ جات کے تحت تلنگانہ ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس (ٹی آر ای آئی)میں تقریباً2500مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے۔رکھشا بندھن کے موقع پر امیدواروں نے اپنے بچوں کے ہمراہ ایک فلیکسی بیانر آویزاں کیا اور چیف منسٹر کوتہوار کی مبارکباد پیش کی۔اس دوران امیدواروں نے ان کے مسائل کی یکسوئی پر زوردیا۔اپنے مسائل کو اجاگر کرنے کےلئے ٹیچرس امیدوار گزشتہ تین ماہ سے صدائے احتجاج بلند کررہے ہیں۔قبل ازیں ٹیچرس امیدواروں نے پدماتلی مندر کے قریب بھیک مانگ کر احتجاج کیاتھا۔ٹیچرس امیدواروں نے گھٹنوںکے بل بیٹھ کر بھی احتجاج کیا تھا۔ٹیچرس امیدواروں نے ریونت ریڈی کے نام موسومہ ایک مکتوب جاری کیا ۔ جس میں کہاگیاکہ تلنگانہ ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس (ٹی آرای آئی)رکروٹمنٹ بورڈ نے مختلف اقامتی تعلیمی اداروں میں تقریباً9210جائیدادوں پر تقررات کےلئے امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا۔مختلف کیڈرس کےلئے علیحدہ علیحدہ اعلامےہ کی اجرائی کے بجائے بورڈ نے ایک ہی مضمون کے امتحانات کو یکجا کیا۔اس سلسلہ میں مختلف امور اور ترتیب کا خیال نہیں رکھاگیا۔جیساکہ چند امیدواروں نے مختلف کیڈرس کی متعدد جائیدادوں کےلئے درخواستیں داخل کیں اور صرف ایک ملازمت اختیار کی جس کی وجہ سے تقریباً 2500جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ نے عبوری احکامات جاری کئے ہیں۔ امیدواروں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر زوردیاکہ وہ اقامتی تعلیمی اداروں میںمخلوعہ جائیدادوں پر جلد از جلد تقررات کےلئے ڈاﺅن میرٹ لسٹ کی اجرائی عمل میںلائیں اور ان کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button