کے سی آر کے شدید علیل ہونے سے متعلق اطلاعات جھوٹی اور بے بنیاد
کے سی آر کے شدید علیل ہونے سے متعلق اطلاعات جھوٹی اور بے بنیاد
سابق چیف منسٹر صحت مند اور باقاعدگی سے پارٹی قائدین سے ملاقات کررہے ہیں:بی آرایس
حیدرآباد۔16اگست(آداب تلنگانہ نیوز)بی آرایس نے پارٹی سربراہ وسابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راﺅ کے گزشتہ 12یوم سے شدید علیل ہونے سے متعلق سوشیل میڈیا پر گشت کرنے والی جھوٹی خبروں کی تردید کی ہے۔پیام میں ےہ بھی دعویٰ کیاگیاہے کہ وہ کارپوریٹ ہاسپٹل کے ڈاکٹرس کی ٹیم کی نگرانی میں ایراویلی میں اپنی رہائش گاہ پر زیر علاج ہیں۔علاوہ ازیں یہی پیغام میں ایک اور متضاد اطلاع دی گئی ہے کہ اراکین اسمبلی اور پارٹی کے دیگر قائدین کو خوف وہراس سے محفوظ رکھنے کےلئے کے سی آر کو بیرون ملک منتقل کیاگیاہے۔بی آرایس ذرائع نے واضح کیاکہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راﺅ کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور وہ باقاعدگی کے ساتھ پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقات کررہے ہیں۔بی آرایس پارٹی نے ایسی اطلاعات کو جھوٹی اور بے بنیاد قرار دیا اور کہاکہ ےہ عوام کو گمراہ کرنے او ر غیر ضروری خوف وہراس پھیلانے کی دانستہ کوشش کی ہے۔بی آرایس نے حتیٰ کہ اس بدنیتی پر مبنی خبروں کے پس پردہ حکمران کانگریس پر شکوک وشبہات کا اظہار کیا کیوںکہ ےہ رپورٹس پہلی مرتبہ تلنگانہ کانگریس سے وابستہ ایک واٹس ایپ چینل کے ذریعہ نشر کی گئی۔پارٹی قائدین نے کہاکہ کسی کی بھی صحت کے تعلق سے غلط معلومات پھیلانا ایک غیر ذمہ دارانہ حرکت ہے۔عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ صرف مصدقہ معلوما ت پر اعتبار کرے اور ایسی من گھڑت اور بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کریں۔