دنیا اور نہ آخرت، کہیں بھی آپ کو معاف نہیں کروں گی۔بلکتی فلسطینی بچی کا دل سوز ویڈیو پیغام
غزہ، 12 اگست: فلسطین پر وقت کا فرعون غاصب اسرائیل ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور وہاں انسانیت سسک رہی ہے جس کا مظاہرہ آئے روز دنیا دیکھ رہی ہے ۔یوں تو اسرائیل 76 سال سے فلسطینیوں پر ان کی اپنی زمین تنگ کرتے ہوئے ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے مگر گزشتہ سال 7 اکتوبر سے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف شروع ہونے والی بہیمانہ کارروائی نے تاریخ میں ظلم کی تمام داستانوں کو شرما دیا ہے ۔وقت کے فرعون اسرائیل اب تک 40 ہزار سے زائد نہتے فلسطینیوں کی جانیں لے چکا ہے اور شہدا میں کثیر تعداد بچوں اور خواتین کی ہے جب کہ غزہ مکمل ملبے کا ڈھیر اور ہزاروں افراد زخمی ولاپتہ ہیں۔اسرائیل نے اپنی بربریت میں بم برساتے ہوئے نہ اسکول، اسپتال کی تفریق کی اور نہ ہی پناہ گزین کیمپ اس سے محفوظ رہے ۔ آج زخموں سے چور ہزاروں فلسطینی بچے یتیم ہو کر دنیا بالخصوص مسلم ممالک سے سے شکوہ کناں ہیں۔ایسا ہی ایک دل دہلا دینے والا پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جو جنگ زدہ غزہ سے ایک معصوم فلسطینی بچی نے دنیا کو دیا ہے ۔غمزدہ اور بلکتی ہوئی معصوم بچی کا یہ شکوہ مسلم دنیا کی آنکھیں کھول دینے اور ضمیر جگا دینے کے لیے کافی ہے لیکن امید کوئی بر آتی دکھائی نہیں دیتی۔فلسطینی میڈیا کی جانب سے جاری ہونے والی اس ویڈیو میں بچی نے روتے ہوئے دنیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دنیا اور نہ ہی آخرت میں کہیں بھی آپ کو معاف نہیں کروں گی۔بچی نے عرب ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا عرب ممالک ہمیں دیکھ رہے ہیں؟ کیا انہیں ہماری مشکلات دیکھ کر تسکین ملتی ہے ؟