ضمانت سے انکارکے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج
کے کویتا کی درخواستوں پر کل سپریم کورٹ میں سماعت
ضمانت سے انکارکے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج
کے کویتا کی درخواستوں پر کل سپریم کورٹ میں سماعت
حیدرآباد۔10اگست(آداب تلنگانہ نیوز)سپریم کورٹ 12‘اگست کو بی آرایس لیڈر ورکن قانون ساز کونسل کے کویتا کی طر ف سے دائر کردہ درخواستوں کی سماعت کرے گی۔کے کویتا نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کیاہے۔دہلی ہائی کورٹ نے مبینہ دہلی ایکسائز پالیسی اسکام سے منسلک بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میںانہیں ضمانت کی فراہمی سے انکار کیاہے۔ہائی کورٹ نے یکم جولائی کو دونوں معاملات میں کویتا کی ضمانت کی درخواستوں کو ےہ کہتے ہوئے مسترد کردیاتھاکہ وہ دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22کی تشکیل اور عمل آوری سے متعلق مجرمانہ سازش میں اہم سازش کاروں میں کلیدی ملزم ہیں۔سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردہ فہرست کے مطابق جسٹس بی آرگوائی اور کے وی وشواناتھن کی بنچ ان درخواستوں کی سماعت کرے گی۔کویتا کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہاتھاکہ ابھی باقاعدہ ضمانت دینے کا کوئی جواز نہیں ہے کیوںکہ تحقیقات اہم مرحلہ میں ہے۔ایک خاتون ہونے کی بنیاد پر راحت کی درخواست کومسترد کرتے ہوئے کہاگیاتھاکہ ایک تعلیم یافتہ شخصیت اور سابق رکن پارلیمان ہونے کے ناطے انہیں ایک کمزور خاتون کے مماثل قرار نہیں دیاجاسکتا اور عدالت ان کے خلاف سنگین الزامات کو نظر انداز نہیں کرسکتی ۔ہائی کورٹ نے کہاتھاکہ عدالت کی رائے ہے کہ دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22کی تشکیل اور نفاذ کے معاملہ میں رچی گئی مجرمانہ سازش میں کے کویتا ایک اہم ملزمہ ہےں۔عدالت نے کہاتھاکہ انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کے ذریعہ جمع کردہ مواد میں اس با ت کی نشاندہی کی گئی ہے کہ پالیسی کی تشکیل اور نفاذ سے متعلق مکمل سازش میں کے کویتا ایک اہم سازشی ہیں۔ہائی کورٹ میں کویتا نے ٹرائل کورٹ کے 6مئی کے حکم کو چیلنج کیاتھا۔ٹرائل کورٹ نے سی بی آئی کے بدعنوانی اور ای ڈی کے منی لانڈرنگ کیس میں ان کی ضمانت کی درخواستوں کو خارج کردیاتھا۔ےہ مقدمہ پالیسی کی تشکیل اور اس پر عمل آوری میں مبینہ بدعنوانی اور منی لانڈرنگ سے متعلق ہے۔ای ڈی نے 46سالہ کویتا کو 15مارچ کو حیدرآباد میں انہیں ان کی رہائش گاہ بنجارہ ہلز سے گرفتار کیاتھا۔سی بی آئی نے انہیں تہاڑ جیل سے حراست میں لیاتھا۔ای ڈی کے کیس میں ہائی کورٹ میں داخل کردہ اپنی ضمانت کی درخواست میں بھارت راشٹرا سمیتی (بی آرایس)کی لیڈر وسابق چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راﺅ کی دختر نے کہاتھاکہ ان کاایکسائز پالیسی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اورمرکز میں برسراقتدار جماعت نے ای ڈی کے ذریعہ ان کے خلاف مجرمانہ سازش تیار کی ہے۔