تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

آوارہ کتوں کے خطرے سے نمٹنے میں حکومت ناکام:ہریش راﺅ

آوارہ کتوں کے خطرے سے نمٹنے میں حکومت ناکام:ہریش راﺅ
ورنگل میں لرزہ خیزواقعہ کے باوجود حکومت خواب غفلت میں

حیدرآباد۔10اگست(آداب تلنگانہ نیوز)آوارہ کتوں کے خطرے سے نمٹنے میں ناکامی پر ریاستی حکومت کو شدید ہدف تنقید بناتے ہوئے سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی سدی پیٹ بی آرایس ہریش راﺅ نے آج کہاکہ مسئلہ کی یکسوئی کےلئے اقدامات نہ کئے جانے کے باعث ریاست میں آوارہ کتوں کے حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوگیاہے۔انہوںنے کہاکہ ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل کے احاطہ میں کتوں کے ایک نومولود بچے کو کھا لینے جیسے لرزہ خیز واقعہ کے بعد بھی حکومت حرکت میںنہیں آئی ہے۔ایک اور واقعہ میں حیدرآباد کے نواحی علاقہ بلدےہ نارسنگی میں ایک معذور بچے کو کتوں نے ہلاک کرڈالا۔ اسی طرح ضلع رنگاریڈی کے ابراہیم پٹنم میں کتوں کے حملے میں شدید زخمی ایک 4سالہ لڑکی زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔آوارہ کتوں کے مسئلہ سے نمٹنے میں ریاستی حکومت کے غیر سنجیدہ روےہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہریش راﺅ نے کہاکہ کتوں کے حملوں میں بچوں کی ہلاکت کے معاملات ریاست میں معمول بن گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اگر حکومت اس معاملہ میں سنجیدہ ہوتی تو گزشتہ 8ماہ کے دوران ریاست میں کتوں کے حملوں کے 343واقعات پیش نہیں آتے اور قیمتی انسانی جانیں تلف نہیں ہوتیں۔حکومت نے حال ہی میں ہائی کورٹ میں بتایاکہ ریاست میں 3,79,156آوارہ کتے ہیں۔تاہم عوام کاخیال ہے کہ فی الواقعی ےہ تعداد دگنی ہے۔تقریباًتمام شہری علاقوں میں آوارہ کتے کنٹرول سے باہر ہیں۔ہریش راﺅ نے کہاکہ ریاستی حکومت ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرے اور اس مسئلہ سے موثر طریقہ سے نمٹے ۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ متاثرین کو پرائمری ہیلت سنٹرس اور سرکاری دواخانوں میں اینٹی ربیزویکسین فراہم کئے جائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button