ہندوستانی قونصل جنرل جدہ, محمد شاہد عالم کی خدمات کو خراجِ تحسین
اُردواکیڈمی جدّہ کی جانب سے الوداعی تقریب کے موقع پر سپاس نامہ پیش کیا گیا
جدہ 7 اگست (نامہ نگار): سعودی عرب جدّہ کے اطراف و اکناف میں مقیم ہندوستانیوں کی تقریباً 50 تنظیموں کی جانب سے جناب محمد شاہد عالم ہندوستانی قونصل جنرل کی الوداعی تقریب کا موواین پیک ہوٹل جدہ میں انعقاد عمل میں آیا۔ مختلف تنظیموں کی ذمّہ داران نے اپنے خیالات کااظہار کرتےہوئے قونصل جنرل کی خدمات کو بھرپورخراجِ تحسین پیش کی۔ جناب شاہد عالم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدہ کی تنظیموں نے ہمیشہ سے قونصلیٹ کے ساتھ تعاون کیا ہے خصوصاً آپریشن کاویری جس میں سوڈان میں پھنسے ہندوستانیوں کو جب اپنے ملک واپسی کا معاملہ درپیش تھا تو اُس وقت ہندوستانی اور سعودی حکومت کے مشترکہ تعاون سے سمندری راستہ سے اُنہیں جدّہ لایا گیا اُس موقع پر اُنہوں نے رات دِن محنت کرکے حتی المقدور کوشش کہ کی ہر ایک ہندوستانی کو اپنے گھر تک بحفظ وامان پہونچایاجائے اور یہ کام اُنہوں نے بخوبی نبھایا۔اِسی طرح حج مشن میں بھی مختلف تنظیموں کا ساتھ رہا کرتا ہے کہ جس سے تمام تر انتظامات کو بحسن وخوبی انجام دیاجاتا ہے۔ قونصلیٹ کی جانب سے مختلف اُمورکی پیشرفت کے سلسلہ میں بہتری لائی گئی ہے جیساکہ کسی بھی ہندوستانی کی موت ہونے پر جلد از جلد اُنکےآخری رسومات کے سلسلہ میں کارروائی کی جاتی ہے اور اُنکے لواحقین کو کسی بھی طرح کی تکلیف سے دوچار ہونے سے بچایا جاتا ہے ۔ کسی بھی ہندوستانی کے مسئلہ میں اُسکی بھرپور معاونت کرتے ہوئے اُسکوراحت پہونچائی جاتی ہے۔ مولانا حافظ محمد عبدالسلام صدر اُردواکیڈمی جدّہ نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئےکہا کہ جناب شاہد عالم کی قونصل خانہ ہند، جدہ میں بطور ’’قونصل جنرل‘‘ آپکی نمایاں واعلیٰ خدمات مثلاً غیر مقیم ہندوستانیوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی، ہندوستانی عازمین حج کے لئے بہترین انتظامات، سعودی عرب اور ہندوستان کے مابین تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا اور بالخصوص اردو زبان کی ترقی و ترویج میں "اردو اکیڈمی جدہ” کے ساتھ خصوصی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اِس موقع پر مختلف تنظیموں کے ذمّہ داران موجود تھے ۔ اُردو اکیڈمی کی جانب سے حافظ محمد عبدالسلام صدر اکیڈمی ‘ جناب سید نعیم الدین معتمد‘ جناب منوّرخان خازن‘ جناب اسلم افغانی‘ جناب محمدعبدالمجیب صدیقی‘ جناب یوسف وحیداورجناب مرزا قدرت نواز بیگ اراکین اکیڈمی نے شرکت کی.