مجلس کی جانب سے ہفتہ کو رائل ریجنسی آصف نگر میں جاب میلہ: رکن اسمبلی ماجد حسین
نامپلی کے نوجوان لڑکے لڑکیوں کو روزگار سے مربوط کرنا مقصد
لڑکیوں کو ورک فرم ہوک کی سہولت ۔بھر پوراستفادہ کرنے رکن اسمبلی ماجد حسین کی اپیل
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے حلقہ اسمبلی نامپلی میں دوسرا جاب میلہ 10اگست ہفتہ کو رائل ریجنسی آصف نگر میں منعقد ہوگا۔بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی صدرکل ہند مجلس اتحاد المسلمین اور اکبر الدین اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی کی سرپرستی اور نگرانی میںبلا لحاظ مذہب و ملت بے روزگار نوجوان لڑکے لڑکیوں کو روزگار سے مربوط کرنے کےلئے نمایاں خدمات انجام دی جارہی ہیں۔حلقہ اسمبلی نامپلی سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کےلئے محمد ماجد حسین رکن اسمبلی مصروف عمل ہیں۔گزشتہ میں بڑے پیمانے پر جاب میلے کا انعقاد عمل میں لایاگیاتھا اور نامپلی کے سینکڑوں نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ملازمتیں فراہم کی گئی تھیں۔جاب میلہ سے متعلق تفصیلات کا اظہار کرتے ہوئے محمد ماجد حسین نے کہاکہ کام ہی مجلس اتحاد المسلمین کی شناخت اور پہچان ہے۔
انہوں نے کہاکہ نامپلی کو ترقی یافتہ بنانے کے ساتھ ساتھ نامپلی کے نوجوان لڑکے لڑکیوں کو روزگار کی فراہمی کےلئے مجلس اتحاد المسلمین ہر ممکن اقدامات روبہ عمل لارہی ہے۔انہوںنے کہاکہ جاب میلہ میں خصوصیت کے ساتھ لڑکیوں کو گھر بیٹھے کام (Work from home )کی سہولت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ دختران ملت جاب میلہ سے بھر پور استفادہ کریں اور ورک فرم ہوم کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خود مکتفی بننے کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر استحکام حاصل کریں۔ماجد حسین نے کہاکہ جاب میلہ میں مشہور ومعروف زائد از 100کمپنیوں کے نمائندے شرکت کریںگے اور نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیںگی۔انہوں نے بتایا کہ آٹی سیکٹر، فارمیسی، بینکنگ، مارکٹنگ، ڈیجیٹل مارکٹنگ، انجئنرنگ ، لاجسٹک سپورٹ، ہوٹل انڈسٹری و دیگر شعبوں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی قابلیت کی کوئی قید نہیں ہے، دسویں جماعت میں ناکام افراد بھی مذکورہ جاب میلہ میں شرکت کرتے ہوئے استفادہ کرسکتے ہیں۔ رکن اسمبلی نے بتایا کہ ہر کوئی اپنی اپنی قابلیت کے لحاظ سے جاب حاصل کرسکے گا۔رکن اسمبلی نے بتایا کہ جاب میلہ کا آغاز صبح 8 بجے سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان لڑکے لڑکیاں جاب میلہ میں شرکت کریں اور ملازمتوں کے حصول کے ذریعہ اپنی زندگی میں خوشحالی لائیں۔