مثالی انسانی جذبہ – پولیس نے حاملہ خاتون کی مدد کی،پٹرولنگ گاڑی کے قریب زچگی
حیدرآباد۔7اگست(آداب تلنگانہ نیوز)انسانی جذبہ کی مثال قائم کرنے والے واقعہ میں پولیس نے حاملہ خاتون کی مدد کی جس کی مقامی خواتین کی مدد سے پولیس کی پٹرولنگ گاڑی کے قریب زچگی ہوئی۔پولیس کی انسان دوستی اورہمدردی کے اس جذبہ کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے۔یہ واقعہ تلنگانہ کے رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق دودن پہلے 9.16بجے شب مدگولا گاو¿ں میں معمول کی پٹرولنگ کے دوران، ڈائل 100 پر ایک کال موصول ہوا۔ فون کرنے والے نے پولیس کو بتایا کہ مدگولا گاوں کے رعیتوویدیکا کے قریب دو بچوں کے ساتھ ایک نامعلوم حاملہ خاتون پریشانی کے عالم میں ہے اوراس کے ساتھ کوئی بھی نہیں ہے۔یہ خاتون کسی بھی سوال کا جواب دینے کے موقف میں بھی نہیں ہے۔اس کال کے موصول ہوتے ہی پٹرولنگ کرنے والی پولیس کی گاڑی وہاں پہنچ گئی جس نے خاتون کو شدید مشکلات میں پایا۔اس خاتون نے اپنا نام کومی بائی بتایا، جو پڑوسی ریاست کرناٹک کے چنچولو منڈل کے پولے پلی گاو¿ں کی رہنے والی تھی۔خاتون نے کہا کہ وہ ایک ہفتہ پہلے اپنے گھر سے نکلی تھی۔ اس نے پولیس کو اپنے شوہر کا فون نمبر دیا، جس سے گاو¿ں کے ایک بزرگ سے بات ہوئی۔ یہ پتہ چلا کہ اس کا شوہر واقعی قریب نہیں تھا جس کے بعد پولیس نے حیدرآباد میں خاتون کے بھائی راہل سے رابطہ کیا۔خاتون کی حالت کو دیکھ کر پٹرولنگ ٹیم جس کی قیادت راجندر اور سریش کر رہے تھے، نے فوری طورپرمقامی خواتین کی مدد سے کومی بائی کو کھانا کھلایا اور اس کو راحت فراہم کی۔ اس کی حالت تیزی سے بگڑ تی چلی گئی اورزچگی کے درد شدید ہوگئے۔اسپتال پہنچانے کیلئے وقت کم ہونے کے سبب مقامی خواتین نے پولیس کی پٹرولنگ کار کے پاس ہی اس خاتون کی زچگی کی جس نے ایک صحت مند بچے کو جنم دیا۔بعد ازاں، پولیس نے ماں اور نوزائیدہ بچے کو کوٹھی میٹرنٹی اسپتال منتقل کیا جہاں پرماں اور نوزائیدہ اب محفوظ ہیں۔رچہ کنڈہ کے کمشنر پولیس سدھیر بابو نے ان ملازمین پولیس کو دل سے مبارکباد دی اور ان کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے ڈیوٹی کے تئیں ان کی مثالی وابستگی اور کومی بائی کو دی گئی مدد کی ستائش کی۔ ڈی سی پی مہیشورم زون ڈی سنیتا ریڈی نے بھی ان کے اقدامات کو سراہا۔
کیسرا کے چریالہ موضع میںمقفل مکان میں سرقہ کی واردات
حیدرآباد۔7اگست(آداب تلنگانہ نیوز) شہرحیدرآباد کے نواحی علاقہ کیسرا کے چریالہ گاوں میں مقفل مکان کونشانہ بناتے ہوئے چوری کی واردات انجام دی گئی۔رات دیرگئے چور، مکان پہنچے اور قفل کوتوڑکر اندرداخل ہوکر11ہزارروپئے نقد رقم کے ساتھ ساتھ دوتولے کے طلائی زیورات کی چوری کرلی۔اس واردات کا علم ا±س وقت ہواجب مکان مالک اپنے ارکان خاندان کے ساتھ گھر واپس ہوا۔وہ کسی تقریب میں شرکت کیلئے گیا ہوا تھا۔اس سلسلہ میں پولیس سے شکایت کی گئی۔