9، نومبر ’عالمی یوم اردو ‘کے سلسلہ میں اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی میٹنگ
نئی دہلی: اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی ایک میٹنگ سینئر صحافی جلال الدین اسلم کی صدارت میں جوشی کالونی، نئی دہلی میں منعقد ہوئی، جس میں عالمی یوم اردو کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ اردو ڈیولپمنٹ آرگنا ئزیشن کی طرف سے ہرسال شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم پیدائش 9،نومبرکو عالمی یوم اردو منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ایک یادگاری مجلہ کی اشاعت کے علاوہ اردو کی خدمت میں سرگرم ملک بھر کے چنندہ ادیبوں اور صحافیوں کو ایوارڈ پیش کئے جاتے ہیں۔اس بار خصوصی مجلہ اردو صحافت کے جید محقق مولانا امداد صابری کی حیات وخدمات پر شائع ہوگا جس کی ترتیب وتدوین کی ذمہ داری سینئر صحافی اور ادیب معصوم مرادآبادی کو سونپی گئی ہے۔جبکہ عالمی یوم اردو ایوارڈ کا اعلان ایوارڈ کمیٹی کی میٹنگ کے بعدجلد ہی کیا جائے گا۔
میٹنگ میں ڈاکٹر سید احمد خاں ، معصوم مرادآبادی ، ڈاکٹر ابوزیداعظمی ،ظفرانور شکرپوری اور نیاز احمد راجہ وغیرہ نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں سرکاری امداد یافتہ اردو اداروں سے خاص طور سے صوبائی اردو اکیڈمیز سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ بھی 9، نومبر کو ’عالمی یوم اردو‘ کا اہتمام کریں اور اردو رسم الخط کو عام کرنے کی سعی کریں۔