تلنگانہ کی ترقی کےلئے این آر ائیز کا تعاون ضروری
ریاست میں ہر بچے کو بہتر تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کی ضرورت۔نیو جرسی میں ریونت ریڈی کا خطاب
سرمایہ کاری کوراغب کرنے کیلئے امریکہ کے دورہ میں مصروف وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی نے واضح کیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی جیت میں این آرآئیز کا اہم رول رہا ہے۔ انہوں نے نیوجرسی میں این آرآئیز سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ فاضل بجٹ والی ریاست کو سابق حکمرانوں نے قرض والی ریاست میں تبدیل کر دیا۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ دس سال کی تباہی کے بعد تلنگانہ کی ترقی کے لیے این آر ائیز کا تعاون ضروری ہے۔ ریاست کی معاشی اور مستحکم ترقی کے لیے مفت میں اشیا کی فراہمی مناسب نہیں ہے تاہم فی الحال بعض غریب اور مستحق افرادکو اس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ریاست میں دستکاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ایسی صورت حال نہیں ہونی چاہیے کہ لوگ حکومت کی طرف سے دی جانے والی مفت امداد کا انتظار کریں۔ تلنگانہ کے ہر بچے کو بہتر تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ یہ سب کچھ تب ہی ممکن ہے جب ریاست کے لیے آمدنی کے ذرائع پیدا ہوں۔ اس لیے ہم سرمایہ کاروں کو تلنگانہ میں مدعو کر رہے ہیں۔