ہندوستان ؍ ملک کی خبریں

اسلامک سنٹر ایسا مؤثر پلیٹ فارم ہے جہاں سے قوم کی خدمت اور رہنمائی کی جاسکتی ہے: ڈاکٹرماجد احمد ٹالیکوٹی

انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (آئی آئی سی سی) کے آئندہ 11اگست کو ہونے والے انتخابات میں صدرکے عہدے کے امیدوار اور معروف و مشہور کینسر سرجن ڈاکٹر ماجد احمد ٹالیکوٹی نے اسلامک سنٹر کوعظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا مؤثر پلیٹ فارم ہے جہاں سے قوم کی خدمت اور رہنمائی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار انڈیا ہیبٹیٹ سنٹر میں منعقدہ اسلامک سنٹر کے اراکین اور سرکردہ افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ اسلامک سنٹر کو عہدیداران اور اراکین کی مدد سے سنٹر کو قوم کی خدمت، رہنمائی اور سماج کی بہتری کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ صرف اور صرف خدمت کیلئے آئے ہیں اس کے علاوہ ان کا کوئی اور مقصد نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کا ماضی اس بات کی گواہی دے گا میں نے خدمت کو ہی اپنی زندگی کا اصول بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ مجھ پر بے سر پیر کا الزام لگارہے ہیں، ان کے پاس سنٹر کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی روڈ میپ نہیں ہے اور ان کا الزام لگانا یہ ثابت کرتا ہے کہ میں کامیابی کی طرف بڑھ رہا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ وہ اگر کامیاب ہوتے ہیں تواسلامک سنٹر کو گنگا جمنی تہذیب کے مرکز کے طور پر بھی فروغ دیں گے۔ انہوں نے ان لوگوں پر سخت تنقید کی کہ جو اس گنگا جمنی تہذیب کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جب کہ یہ ہندوستان کی جان ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلامک سنٹر کو سر سید کی دلہن کی دو آنکھ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اتحاد میں بڑی طاقت ہے اور ہم ہر چیز کا مقابلہ اتحاد سے کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم دیں گے تاکہ وہ آئی اے ایس، آئی پی ایس،آئی ایف ایس اور دیگر سروسز میں جاسکیں اور کمیونٹی کے لئے کچھ کام کرسکیں۔

انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے سابق صدر اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے امیدوار سراج قریشی نے اسلامک سنٹر کی موجودہ حالت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ سنٹرکی حالت گزشتہ ڈیڑھ سال سے سے خراب ہے اور سنٹر کا وقار مجروح ہوا ہے۔ اس سنٹر کی گلوبل شناخت تھی وہ ختم ہورہی ہے۔ ممبران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے وقار کو بچانے اوربرقرار رکھنے کے لئے ووٹ دیں۔ انہوں نے کہاکہ سنٹر کی خوبصورتی ہے کہ سنٹر میں 800 سے زائد غیر مسلم ممبران ہیں۔ یہ سنٹر گنگا جمنا تہذیب کی علامت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر حکومت نے اس سنٹر کو عزت دی ہے اور اس کے وقار کا احترام کیا ہے۔

انہوں نے ڈاکٹر ماجد احمدٹالیکوٹی کی صلاحیت کے بارے میں بتاتے ہوئے اراکین اور موجود افرادسے کہا کہ آپ کو ایک ایسا ہیرا چن کر دیا ہے جو آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ماجد دوسروں کے ساتھ تعاون کرتے نظر آتے ہیں، خواہ وہ علاج و معالجہ ہودوسروں کی ضروریات پوری کرنی ہویا شادی بیاہ کا معاملہ وہ مدد میں آگے نظر آتے ہیں۔

تقریب کی صدارت کرتے ہوئے معروف صحافی سنیل بنسل نے کہا کہ جس ادارے کی بنیاد کمزور پڑجائے تو وہ ادارہ برباد ہوجاتا ہے، اسلامک سنٹر کے معاملے خاموش نہیں رہنا چاہئے بلکہ اس کی مضبوطی کے لئے کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ سراج قریشی نے سنٹر کو خون سے سنیچا ہے وہ اس کے لئے قابل مبارکباد ہیں۔

سلامک سنٹر کے مجلس عاملہ کے رکن کیلئے امیدوار اور معروف سماجی کارکن محمد ہدایت اللہ نے کہاکہ سنٹرکوبچانا تمام اراکین کی ذمہ داری ہے، اسے خدمت کا ذریعہ ہم سب کا مقصد ہے۔ مجلس عاملہ کے امیدوارثمرقریشی نے کہا کہ کمیونٹی کی خدمت کرنے مقصد سے الیکشن لڑرہا ہوں اور قوم کی خدمت کرکے والد کا نام روشن کروں گا۔ اس کے علاوہ ریلائنس میڈیا چیف روہت بنسل، ڈاکٹر بالیان، حسیب احمد اور دیگر حضرات نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ تقریب میں نائب صدر کے امیدوار کلیم الحفیظ، ارشاد احمد اور دیگر اراکین اور سرکردہ افراد شریک تھے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button