مڈمانیرڈیم سے فی الفور پانی چھوڑا جائے :ہریش راﺅ
حیدرآباد۔3اگست(آداب تلنگانہ نیوز)بی آر ایس کے لیڈرو سابق وزیر ٹی ہریش راو نے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی سے درخواست کی کہ مڈ مانیر ڈیم سے پانی فوری طور پر اناپورنا ریزروائر، رنگانائیک ساگر، ملناساگر اورکونڈاپوچماں ساگر منتقل کیاجائے۔کسانوں کی جانب سے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہروں میں پانی چھوڑا جائے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ سدی پیٹ ضلع کے اناپورنا ریزروائر، رنگانائیک ساگر،ملناساگر اورکونڈاپوچماں ساگر میں پانی کی سطح انتہائی کم ہے۔انہوں نے اس خصوص میں حکومت کومکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال اسی وقت اناپورنا ریزروائر میں 3.32 ٹی ایم سی پانی تھا، لیکن اب یہ کم ہو کر 0.75 ٹی ایم سی رہ گیا ہے۔ رنگانائیک ساگر میں پانی کی سطح 0.67 ٹی ایم سی تک ہوگئی ہے، جو کہ اگست پچھلے سال 2.38 ٹی ایم سی تھی۔ملنا ساگر میں پانی کی سطح بھی 18 ٹی ایم سی کے مقابلے میں 8.5 ٹی ایم سی تک کم ہوگئی ہے اور کونڈا پوچماں ساگر میں 10 ٹی ایم سی سے 4.5 ٹی ایم سی تک پانی کی سطح ہوگئی ہے۔ کسان بارش کی کمی کی وجہ سے پریشان ہیں۔