کیرالہ میں مٹی کے تودے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 308 ہو گئی
کیرالہ کے وایناڈ ضلع میں متعدد مٹی کے تودے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 308 ہو گئی ہے جمعہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے وزیر صحت وینا جارج نے کہا کہ تقریباً 200 لوگ اب بھی لاپتہ ہیں انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ راحت اور بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 195 لاشیں اور 113 انسانی اعضاء نکالے جا چکے ہیں حکام نے بتایا کہ منگل کو صبح سویرے وایناڈ میں میپاڈی کے قریب پہاڑی علاقوں میں بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے کے بعد 213 سے زیادہ افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
اس دوران چھ علاقوں کی تلاش کے لیے 40 سرچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پہلے زون میں اٹامالا اور آرنمالا، دوسرے زون میں منڈاکئی، تیسرے زون میں امالیمٹم، چوتھے زون میں ویللارمالا ولیج روڈ، پانچویں زون میں جی وی ایچ ایس ایس ویللارمالا اور چھٹے زون میں اٹیوارا شامل ہیں۔
ہر ٹیم میں تین مقامی افراد، محکمہ جنگلات کا ایک ملازم اور فوج، بحریہ، کوسٹ گارڈ، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور دیگر کے ارکان شامل ہوں گے۔ یہ ٹیمیں پولیس اور مقامی تیراکوں کی مدد سے آٹھ تھانوں کے علاقوں میں پڑنے والے چلیار ندی کے 40 کلومیٹر کے علاقے کی بھی تلاشی لیں گی۔
پولیس ہیلی کاپٹر کے ذریعے متوازی تلاشی لی جائے گی۔ اس کے علاوہ 10 رکنی تربیت یافتہ ماہر ‘سرچ اینڈ ریسکیو’ (ایس اے آر) کتوں کی ٹیم بھی امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کی گئی ہے۔