ریونت ریڈی کو چیف منسٹر کے عہدے کے وقار کی سمجھ نہیں
مجھے وزارت خیرات میں نہیں ملی تھی۔ہریش راﺅ کا کراراجواب
حیدرآباد 2 اگست (آداب تلنگانہ نیوز) بی آر ایس اور اس کے قائدین کے خلاف چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے اشتعال انگیز ریمارکس کاسخت جواب دیتے ہوئے سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی سدی پیٹ بی آرایس ہریش راو¿ نے ریونت ریڈی کو گھٹیاوزیرقرار دیا جوچیف منسٹر کے عہدے پر براجمان ہونے کے باوجود اس عہدے کے وقارکو سمجھنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ہریش راﺅ نے کہاکہ ریونت ریڈی کو اقدار اور اخلاقیات کے تعلق سے بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ ریونت ریڈی جو اکثر جماعتیں بدلتے ہیں اور سیاسی فوائد کےلئے لب کشائی سے گریز کرتے رہتے ہیں جبکہ بی آرایس (سابق ٹی آرایس)کے قائدین نے مقصد تلنگانہ کےلئے اپنے وزارتی عہدوں کو تک چھوڑدیاتھا۔ہریش راﺅ نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم Xپر سال 2005کا ایک قدیم ویڈیو شیر کیا جس میں ریونت ریڈی کو بطور ٹی آرایس کارکن ان کے پیچھے کھڑے دیکھاجاسکتاہے ۔ اس وقت ہریش راﺅ ریاستی وزیر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کررہے تھے۔ہریش راﺅ نے کہاکہ ریونت ریڈی میرے بالکل پیچھے کھڑے تھے۔جب میں نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی پر استفسار کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیاتھا۔اس وقت ان سب چیزوں کا یہی ریونت ریڈی پہلے مشاہدہ کررہے تھے۔ہریش راﺅ نے کہاکہ آج آپ ان سب باتوں کو نظراندازکرتے ہوئے فضول ریمارکس کررہے ہیں۔ہریش راﺅ نے چیف منسٹر کے دعوﺅں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ انہیں وزارتی عہدہ کسی سے خیرات میں نہیں ملاتھا۔ہریش راﺅ نے کہاکہ سونیا گاندھی کی درخواست پر ہم نے اس وقت کی کانگریس حکومت میں شمولیت اختیار کی تھی۔شخصی فائدے یا عہدوں کےلئے نہیں۔ہریش راﺅ نے کہاکہ ریونت ریڈی نے بھی اس ریالی میں شرکت کی تھی۔جب انہوںنے متحدہ آندھرا پردیش میں بحیثیت وزیر عہدے کا جائزہ حاصل کیاتھا۔