خاتون ارکان کے خلاف نامناسب ریمارکس کا الزام۔تلنگانہ اسمبلی میں بی آرایس کا احتجاج
اسمبلی میں خاتون ارکان کے خلاف نامناسب ریمارکس کرنے کا الزام لگاتے ہوئے تلنگانہ کی اصل اپوزیشن بی آر ایس کے ارکا ن نے احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی کی کارروائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ صبح جیسے ہی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا، اسپیکر پرساد کمار نے اسکلس یونیورسٹی بل پر بحث کا آغاز کیا تاہم، بی آر ایس اراکین، کے تارک راما راؤ، ہریش راؤ اور دیگر نے خاتون ارکان پر ریمارکس کے بارے میں بات کرنے کا موقع فراہم کرنے کی خواہش کی۔ اسپیکر نے کہا کہ بل پر بحث کے بعد موقع دیا جائے گا، لیکن بی آر ایس اراکین مطمئن نہیں ہوئے اور بار بار ایوان کے وسط میں جانے لگے۔ اسکلس یونیورسٹی بل پر بحث جاری رہنے کے دوران ان ارکان نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر حکومت اور وزیر اعلیٰ کے خلاف نعرے لگائے۔ اس شوروغل کے درمیان اسمبلی کی کارروائی جاری رہی۔ سی پی آئی کے رکن سامباشیواراؤ نے تجویز پیش کی کہ دونوں فریقوں کو اسپیکر کی جانب سے بلا کر چیمبر میں بات چیت کرکے مسئلہ حل کیا جائے۔