محکمہ سیول سپلائیز میں 11سوکروڑ روپئے کے مبینہ اسکام کی تحقیقات کا مطالبہ
حکومت کی جانب سے ہاﺅزکمیٹی کی تشکیل سے انکارپربی آرایس کا ایوان سے واک آﺅٹ
حیدرآباد۔31جولائی(آداب تلنگانہ نیوز)اپوزیشن جماعت بھارت راشٹرا سمیتی (بی آرایس )نے آج ایوان سے اس وقت واک آﺅٹ کیا جب ریاستی حکومت نے محکمہ سیو ل سپلائیز میں 11سو کروڑ روپئے کے مبینہ اسکام کی تحقیقا ت کےلئے ہاﺅز کمیٹی کی تشکیل کے مطالبہ کو ردکردیا۔کارگزار صدر بی آر ایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے کہاکہ ےہ اسکام حکومت میں اعلیٰ سطح پر پیش آیاہے۔اسمبلی میں محکمہ سیول سپلائیز کے مطالبات پر بحث کے دوران بی آرایس رکن گنگولا کملاکر نے دھان کی فروخت اورچند ایجنسیوں کی جانب سے باریک چاول کی خریداری سے متعلق محکمہ سیول سپلائیز میںمبینہ اسکام پرسوال اٹھایا۔وزیر سیول سپلائیزاتم کمار ریڈی نے کسی بھی قسم کے اسکام سے انکار کیا جس کے ساتھ ہی ایوان میں گرما گرم بحث شروع ہوگئی۔بی آرایس کے ارکان اس معاملہ میں حکومت سے وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے پوڈیم تک پہنچ گئے۔ریاستی حکومت نے اعلان کیاکہ اپوزیشن کو کافی وقت دیا گیا اور ریاستی وزیر نے بھی اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیا۔
بی آرایس کے کار گزار صدر کے ٹی آر نے کہاکہ حکمران جماعت کانگریس کی جانب سے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوںنے اپوزیشن کے جائز خدشات کو دور کرنے میں ناکامی پر شدید اعتراض کیا۔انہوںنے راشن کارڈس اور کسانوں کو بونس سے متعلق سوالات کے جواب دینے سے بچنے کی کوشش پرحکومت کو شدید تنقید کانشانہ بنایا۔کے ٹی آر نے کہاکہ جمہوریت میں اپوزیشن اپنی بات پیش کرتی ہے اور حکومت کااپنا ایک طریقہ کار ہوتاہے۔جمہوریت کی خوبی یہی ہے کہ مباحث اور اختلاف رائے پر بات ہو۔بحیثیت اپوزیشن ہم ہمارے حقوق کااستعمال کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکومت اپوزیشن کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینے کے بجائے ایوان کی کاروائی کو ڈھانے کی کوشش کررہی ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت جھوٹے دعوﺅں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ بی آرایس کے دورحکومت میں ایک بھی نیا راشن کارڈ جاری نہیں کیاگیاتھا۔ریاستی حکومت کی بے عملی اور شفافیت کے فقدان کے جواب میں کے ٹی آر نے ایوان کی کمیٹی سے مبینہ اسکام کی جامع تحقیقات کامطالبہ کیا تاہم حکومت نے بی آرایس کے مطالبہ کو مسترد کردیا۔بی آرایس کے ارکان نے حکومت کے غیر جمہوری روےہ کے خلاف احتجاجاً ایوان سے واک آﺅٹ کیا۔