پولیس رات کو معصوم عوام پر ڈنڈے برسارہی ہے :اکبر الدین اویسی
دن میں خود سورہی ہے جس کی وجہ سے قتل ہورہے ہیں
حیدرآباد۔29جولائی(آداب تلنگانہ نیوز)اکبر الدین اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی نے آج ایوان میں شہر حیدرآباد میں لاءاینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہفتہ کو ایوان میںنظم وضبط کے معاملہ میں مباحث ہوئے اور کل ایک ہی دن میں قتل کے تین واقعات شہر حیدرآباد میںپیش آئے۔انہوںنے کہاکہ مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام اور مجرموں کے خلاف کاروائی کےلئے ٹاسک فورس کا قیام عمل میںلایاگیا تاہم آج ٹاسک فورس رات کے اوقات میںمعصوم شہریوں کو ماررہی ہے۔انہوںنے استفسار کیاکہ کیا میںاپنے گھر کے باہر بھی کھڑا نہیں رہ سکتا۔کیا دوا لینے بھی نہیںجاسکتا۔کوئی بھی ضرورت کے پیش نظر کیا میںرات کو گھر سے باہر نہیں نکل سکتا۔اکبر الدین اویسی نے کہاکہ ٹاسک فورس رات میںعوام کو جلد سونے کےلئے سخت موقف اختیار کررہی ہے اور عوام کوجلد محوخواب ہوجانے کےلئے ڈنڈے برسا رہی ہے۔پولیس ملازمین خود رات میں جاگ رہے ہیںاور دن میں سورہے ہیں۔جس کی وجہ سے لاءاینڈ آرڈر ٹھپ ہوچکاہے۔انہوںنے کہاکہ ”No more friendly police“کا نعرہ دیاجارہاہے تو کیا پھر پولیس ظلم وستم کرے گی۔انہوںنے شکایت کی کہ ہر پولیس اسٹیشن کو معمول ہے ۔وہ اس بات کا برملا اظہار کرنے سے ڈرتے نہیں ہیں۔انہوںنے لاءاینڈ آرڈر کی برقراری کےلئے اقدامات کا حکومت سے مطالبہ کیا۔