مجلس اتحاد المسلمین موقع پرست جماعت :بنڈی سنجے
اکبر اویسی کو کوڑنگل سے مقابلہ کی پیشکش پر ریونت ریڈی پر شدید تنقید
حیدرآباد۔28جولائی(آداب تلنگانہ نیوز)مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے قائد مقننہ اکبر الدین اویسی کو کوڑنگل کی نشست کا پیشکش کرنے پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر شدید تنقید کی۔انہوںنے کہاکہ اکبر الدین اویسی کوڑنگل کی نشست سے انتخابات میں حصہ لینے کی جراٗت کریں۔انہوں نے ادعاکیاکہ ان کی پارٹی اکبر اویسی کو شکست دے گی۔بونال تہوار میں شرکت کےلئے پرانے شہر کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہاکہ اگر حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے اکبر اویسی مقابلہ کرتے ہیں تو ان کی ضمانت ضبط ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم دیکھیںگے کہ انہیں شکست ہوگی ۔مجلس اتحاد المسلمین کو ایک موقع پرست جماعت قرار دیتے ہوئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ مجلس نے ہمیشہ اپنے مفادات کےلئے حکمران جماعت کے ساتھ ہاتھ ملایاہے۔انہوں نے کہاکہ جب بی آرایس پارٹی برسر اقتدار تھی تو مجلس ‘بی آرایس کے قریب تھی۔اویسی کے سی آر کو ماموں کہتے تھے ۔اب ایک بار پھرمجلس‘ کانگریس کے قریب ہوگئی ہے۔اویسی اور ریونت اب بھائی بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجلس اتحاد المسلمین دیوار کی بلی کی مانند ہے۔ہم نہیں جانتے کہ ےہ کس طرف چھلانگ لگائے گی۔پرانے شہر میں بونال تہوار کے انعقاد کےلئے خاطر خواہ فنڈس مختص نہ کرنے پر کانگریس حکومت کو شدید ہدف تنقید بناتے ہوئے بنڈی سنجے نے الزام عائد کیاکہ ریاستی حکومت نے رمضان کے دوران33کروڑ روپئے جاری کئے جبکہ پرانے شہر میں بونال تہوارکےلئے صرف 5لاکھ روپئے کی اجرائی عمل میںلائی گئی۔انہوں نے کہاکہ کانگریس حکومت ‘ہندوﺅں کے ساتھ فقیروں جیسا سلوک کررہی ہے۔بنڈی سنجے نے کہاکہ ریاست میں بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد ہم ریاست کی ہر گلی میں بونال تہوار منائیں گے۔