حیدرآباد میں سونے کی قیمتیں اب تک کی بلند ترین سطح پر
24قیراط سونے کی فی 10گرام قیمت 75ہزار روپئے سے متجاوز, زرددھات کی قیمتیں78ہزار روپئے فی تولہ تک پہنچنے کاامکان
حیدرآباد میں سونے کی قیمتیں اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔جارےہ سال سونے کی قیمت میں ےہ تیسرا بڑا اضافہ ہے۔منگل کو 24قیراط سونے کی فی 10گرام قیمت 75,570روپئے تک پہنچ گئی جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔گزشتہ چار مہینوں کے دوران زرد دھات کی قیمتوں میں نشیب وفراز دیکھاگیا۔سونے کی قیمت بلند ترین شرح 75ہزار روپئے تک پہنچ گئی تھی اور پھرکمی کے بعد 72ہزار روپئے ہوگئی تھی۔سال کے آغاز میں ماہ اپریل میں سونے کی قیمت 74,340روپئے تھی اور پھر مئی میں 75,160روپئے تک پہنچ گئی تھی۔
اس سے قبل سونے کی قیمت 72ہزار روپئے کے لگ بھگ مستحکم تھی۔تاہم قیمتوں میں اضافہ کے موجودہ رجحان سے ظاہر ہوتاہے کہ قیمتیں جلد ہی 78ہزار روپئے تک پہنچ سکتی ہیں۔پروین کمار سکریٹری ٹوین سٹیز جویلرس اسوسی ایشن نے نشاندہی کی کہ زرمبادلہ کی شرح اور بین الاقوامی مارکٹس کا سونے کی قیمتوں پر اثر پڑتاہے۔سونے پر عالمی سرماےہ کاری میں اضافہ ہورہاہے۔جنوری میں سونے کی قیمتیں 2200ڈالر فی اونس سے بڑھ کر 2400ڈالر فی اونس ہوگئی تھی۔بین الاقوامی خریداری جاری رہنے کی وجہ سے کرسمس تک سونے کی قیمت 2600ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان ہے۔انہوںنے کہاکہ قوی امید ہے کہ قیمتیں جلد ہی 78ہزار سے تجاوز کر جائیںگی۔جولائی میں زرد دھات کی قیمت میں 2.41اضافہ ہوا۔یکم جولائی کو 24قیراط سونے کی فی دس گرام قیمت 72,280روپئے تھی۔جس میں 3,290روپئے کا نمایاں اضافہ ہواہے۔
کمار نے بتایاکہ بیشتر ممالک اپنے سونے کومحفوظ رکھنے کے عمل میںاضافہ کررہے ہیں ۔جس کی وجہ سے بھی قیمتوں میں اضافہ ہورہاہے۔ایک وقت بنیادی طور پر امریکہ اور آسٹریلیاسونے کو محفوظ رکھنے میںسرفہرست تھے۔ تاہم اب چین سونے کو محفوظ رکھنے کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آگیاہے۔جیسے جیسے سونے کو محفوظ رکھنے کے عمل میںاضافہ ہورہاہے۔ ہم سونے کی مارکٹ میں تیزی کے رجحان کا مشاہدہ کررہے ہیں۔بڑھتی ہوئی طلب کے باعث بھی قیمتوں میں اضافہ ہورہاہے۔حیدرآباد میں 22قیراط سونے کی قیمت بھی اسی طرح بڑھ رہی ہے۔جس سے سونے کی مارکٹ میں مجموعی طور پر تیزی کے رجحان کی عکاسی ہوتی ہے۔علاوہ ازیں چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھاگیاہے۔بحالت موجودہ چاندی کی فی کیلو قیمت 95ہزار روپئے ہے۔