اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ جاری
ممبئی: عالمی بازار کے منفی رجحان کے باوجود مقامی سطح پر تیل اور گیس، توانائی، ہیلتھ کیئر، یوٹیلٹیز اور رئیلٹی سمیت سولہ گروپوں میں ہوئی خریداری کی بدولت اسٹاک مارکیٹ آج پھر ایک نئی چوٹی پر پہنچ گیا۔
بی ایس ای کا 30 حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس 145.52 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 80664.86 پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 84.55 پوائنٹس بڑھ کر 24586.70 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ اس دوران بی ایس ای کی درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں کے شیئرز میں بھی خرایدری ہوئی۔ اس کی وجہ سے مڈ کیپ 0.95 فیصد مضبوط ہو کر 47960.94 پوائنٹس اور اسمال کیپ 0.21 فیصد بڑھ کر 54128.65 پوائنٹس ہوگیا۔
اس دوران بی ایس ای میں کل 4168 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا جن میں سے 2036 میں خرایدری، 2004 میں فروخت ہوئی جب کہ 128 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح نفٹی کی 34 کمپنیوں میں تیزی جب کہ 15 میں گراوٹ رہی وہیں ایک کی قیمت مستحکم رہی۔
بی ایس ای کے سولہ گروپوں میں تیزی کا رجحان رہا۔ اس میں آئل اینڈ گیس 2.32، کموڈٹیز 0.23، سی ڈی 0.63، انرجی 1.61، ایف ایم سی جی 0.57، مالیاتی خدمات 0.51، ہیلتھ کیئر 1.00، ٹیلی کام 0.96، یوٹیلیٹیز 1.09، آٹو 0.84، بینکنگ 0.46، کنزومر ڈیوریبلز 0.23، میٹلز 0.26، پاور0.78، ریئلٹی 1.40 اور سروسز گروپ کے شیئرز 0.26 فیصد چڑھ گئے ۔
بین الاقوامی سطح پر گراوٹ کا رجحان رہا۔ اس دوران برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای0.19 فیصد، جرمنی کا ڈیکس 0.13، جاپان کا نکئی 2.45 اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 1.52 فیصد لڑھک گیا۔ وہیں چین کے شنگھائی کمپوزٹ میں 0.09 فیصد کا اضافہ ہوا۔