راہل گاندھی کی اسمرتی ایرانی کو برا بھلا نہ کہنے کی اپیل
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے جمعہ کو اپنے حامیوں پر زور دیا کہ انتخابات میں ہمیشہ جیت اور ہار ہوتی ہے، اس لئے انتخابات میں جیت یا ہار کا الزام کسی پر نہیں لگایا جانا چاہئے۔
مسٹر گاندھی نے آج یہاں کہا، ’’زندگی میں جیت اور ہار ہوتی رہتی ہے۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ مسز ایرانی کے ساتھ توہین آمیز زبان استعمال کرنے اور برا سلوک کرنے سے گریز کریں۔ یہ صرف اسمرتی ایرانی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ کسی دوسرے لیڈر کے بارے میں بھی غلط تبصرے نہیں کیے جانے چاہئیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو نیچا دکھانے کی کوشش کسی کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے، اس لیے گندی زبان استعمال نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’لوگوں کو نیچا دکھانا اور ان کی توہین کرنا طاقت کی نہیں کمزوری کی علامت ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد مسز ایرانی کو سرکاری بنگلہ خالی کرنا پڑا تھا، اس کے بعد سوشل میڈیا پر ردعمل کا سیلاب آیا تھا کہ یہ وہی مسز ایرانی ہیں جنہوں نے مسٹر گاندھی سے اپنی رہائش گاہ خالی کرنے کو کہا تھا۔ انہیں لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ لوگوں نے لکھا ہے کہ وقت سب کا غرور مٹا دیتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس طرح کے کئی تبصرے آ رہے ہیں، جس کو دیکھتے ہوئے مسٹر گاندھی نے اپنے حامیوں سے یہ اپیل کی ہے۔