تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریںشہر کی خبریں
شہر حیدرآباد میں نظم و ضبط کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار
کیا یہی وہ تبدیلی ہے جو آپ لانا چاہتے تھے۔کار گزار صدر بی آر ایس کے ٹی آر کا استفسار
کارگزار صدر بی آر ایس کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور شہر میں ابتر حالات کے لئے موجودہ قیادت میں انتظامی تجربہ کی کمی کو ذمہ دارقرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ برانڈ حیدرآباد کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے؟ حیدرآباد ایک عالمی شہر بن رہا ہے، لیکن اپنی چمک کھو رہا ہے۔
یہ حقیقت ہے کہ کئی سرکردہ اخبارات اپنے صفحہ اول پر ایسی شہ سرخیاں لگا رہے ہیں اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر سوالیہ نشان لگا رہے ہیں، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ امن وامان اورسلامتی مکمل طور پر قابو سے باہر ہے۔
کے ٹی آر نے آج ایکس پر نشاندہی کی کہ شہر میں امن و امان اور ہم آہنگی گزشتہ ایک دہائی سے متاثر نہیں ہوئی تھی۔ اب سلسلہ وار قتل کی وارداتوں اور بین ریاستی گینگس میں اضافہ سے خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے ریئل اسٹیٹ شعبہ کے زوال اور حیدرآباد میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کا حوالہ دیتے ہوئے ناقص حکمرانی کے نمایاں اثرات کو بھی اجاگر کیا ۔حیدرآبادجس کی کبھی سب سے محفوظ شہر کے طور پر ستائش کی جاتی تھی۔ حیدرآباد میں اب عوام کے لئے نہ تو امن ہے اور نہ ہی تحفظ و سلامتی۔انہوں نے استفسار کیا کہ کیاوزیراعلیٰ کا پولیس پر کمانڈ اینڈ کنٹرول ہے؟ کیا یہی وہ تبدیلی ہے جو آپ لانا چاہتے تھے؟
سابق وزیر نے امن و امان کی صورتحال، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پر منفی اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
حیدرآباد نہ صرف ریاست کا دارالحکومت ہے، بلکہ ‘تلنگانہ کا اقتصادی ترقی کا انجن بھی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آپ عالمی سطح پر مسابقت کے لئے تیار شہر کی ترقی کو کیسے روک سکتے ہیں؟