تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن نظام آباد کا اہم اجلاس

اردو صحافیوں کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹھوس اقدامات کو روبعمل لانے پر مشاورت

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن ضلع نظام آباد کا ایک اہم مشاورتی اجلاس آج صبح11:30 بجے کنگ پیالس فنکشن ہال نظام آباد پر منعقد ہوا۔سینئر صحافی و ایڈیٹر روزنامہ نظام آباد مارننگ ٹائمز سرپرست اعلیٰ فیڈریشن اشفاق احمد خان کی سرپرستی و بیورو چیف پرواز ٹی وی محمد افضل خان صدر فیڈریشن کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس سے فیڈریشن صدر اشفاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے اردو صحافیوں کے مختلف مسائل و مطالبات حل طلب ہیں۔انھوں نے کہا کہ محکمہ ارباب کی جانب سے اردو صحافیوں کو ایکرڈیشن کارڈ کی اجرائی میں تاخیر یا عدم اجرائی ایک مسئلہ ہے۔انھوں نے کہا کہ اردو صحافیوں کیلئے ضلع انتظامیہ اور محکمہ ارباب اور ضرورت پڑنے پر ریاستی حکومت کو متوجہ کرتے ہوئے اردو صحافیوں کیلئے ہلت کارڈ،مفت بس سفر کی سہولت،ذاتی مکان یا اراضی کی منظوری،اردو صحافیوں کے بچوں کو متعلقہ تعلیمی اداروں میں 50 فیصد فیس رعایت کی منظوری و دیگر مسائل و مطالبات کی یکسوئی کو یقینی بنانے کیلئے نمائندگی کی جا ئے گی۔

صدر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن ضلع نظام آباد محمد افضل خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 10 سالوں سے اردو صحافیوں کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے لیکن موجودہ برسراقتدار ریاستی حکومت و ضلع انتظامیہ اور محکمہ ارباب کو متوجہ کیا جائے گا کہ وہ اردو صحافیوں کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنایا جائے۔انھوں نے کہا کہ ضلع نظام آباد کے تین حلقہ جات کے اردو صحافیوں کو فیڈریشن سے جوڑ کر ان کے مسائل کی ترجمانی کی جائے گی۔ ایم اے ماجد نمائندہ راشٹریہ سہارا نظام آباد و ریاستی جوائنٹ سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کا مقصد اردو صحافت و اردو صحافیوں کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی ہے انھوں نے کہا کہ اردو صحافیوں کیلئے کی جانے والی نمائندگی اور حصول مراعات میں ایسے دیگر اردو صحافیوں کے نام بھی شامل کیے جائیں گے جو چاہے کسی بھی اردو صحافتی تنظیم سے تعلق کیوں نہ رکھتے ہوں۔انھوں نے تمام مقامی اردو صحافیوں سے اپنے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

محمد نعیم قمر ایڈیٹر عوام ٹی وی مشیر فیڈریشن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو صحافت کے وقار کو برقرار رکھنا اور اردو صحافیوں کے درمیان مضبوط اتحاد فیڈریشن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ مقامی طور پر اردو صحافت سے وابستہ تمام تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ متحدہ طور پر اردو صحافت سے وابستہ تمام اردو صحافیوں کے مسائل کی ترجمانی اور یکسوئی ممکن ہو سکے. انھوں نے کہا کہ اردو صحافت اور اردو صحافیوں کو اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے اپنے آپسی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔اجلاس سے یوسف الدین نیوز اینڈ ویوز نیوز سروس نے اردو صحافیوں کے دیرینہ مسائل و مطالبات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایکرڈیشن کارڈ کی اجرائی،حکومت کی جانب سے پختہ مکان یا اراضی،مفت بس سفر کی سہولت،ہیلت کارڈ اسکول میں زیر تعلیم صحافیوں کے بچوں کو 50 فیصد فیس کی رعایت و دیگر مراعات اردو صحافیوں کے دیرینہ مطالبات کا ذکر کیا۔

اس اجلاس میں تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن نظام آبادکے دیگر ارکان سکریٹری محمد ظفر احمد آرمور،نائب صدور ساجد اختر، محمد سیف علی، خازن عبدالقدیر حسامی، محمد امیر الدین پبلسٹی سکریٹری، شیخ غوث، محمد عبدالنقیم، محمد ساز، محمد عزیز الدین، کبیر اقبال، سید عارف علی، شیخ عمران سید عارف، محمد عبدالغفار، احمد علی خان کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کی کارروائی محمد خالد خان صدر اردو پریس کلب نظام آباد نے چلائی اجلاس کا آغاز مولانا عبدالقدیر حسامی کے قرآت قرآن پاک اور اختتام دعا سے ہوا۔ تلنگانہ اُردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن سرپرست کی حیثیت سے محمد غوث ایڈیٹر روزنامہ محور نظام آباد، محمد نعیم قمر بیو رو چیف عوام ٹی وی اور نائب صدر کی حیثیت سے سید اسد ایڈیٹر روزنامہ آج کا تلنگانہ کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button