تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریںشہر کی خبریں

بی آرایس کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے منظم لائحہ عمل کی تیاری- پارٹی‘ نوجوان لیڈرس میں قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کی خواہاں

نچلی سطح سے ایگزیکٹیو باڈی تک عنقریب تنظیم نو ۔کے سی آر کی قیادت میں حکمت عملی کو قطعیت

حیدرآباد:11جولائی(آداب تلنگانہ نیوز) منتخبہ نمائندوں اور سینئر قائدین کے انحراف اور کانگریس میں شمولیت کے باوجود بھارت راشٹرا سمیتی اپنی عظمت رفتہ کی بحالی اور نوجوان کیڈر میں جوش و خروش اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کےلئے جامع تیاری کررہی ہے۔پارٹی کی اعلیٰ قیادت قائدین اور کیڈر کے ساتھ مسلسل اور متواتر اجلاس منعقد کررہی ہے۔

پارٹی میں تمام سطحوں پر نوجوانوں کو مواقع اور قائدانہ کردار کی فراہمی کافیصلہ کیاگیاہے۔بی آرایس ذرائع نے بتایاکہ پارٹی سربراہ وسابق چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راﺅ نے پہلے ہی پارٹی کے مستقبل کے لائحہ عمل کو تیارکرلیاہے اوروہ نوجوان لیڈرس کو پارٹی کی تنظیم جدید میں کلیدی کردار اداکرنے کی ترغیب دینے کے خواہش مند ہیں۔تحریک تلنگانہ کی طرح سینئر قائدین عوامی مسائل پر کانگریس کو نشانہ بنائیں گے اورحکمران جماعت کی جھوٹی اور گمراہ کن مہم کا مقابلہ کریںگے۔انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں کانگریس کی ناکامیوں کو بے نقاب کریں گے جبکہ نوجوان نسل مقامی مسائل کو اٹھائے گی اور جب بھی ضرورت پڑے گی سڑکوں پرصدائے احتجاج بلند کرے گی۔بی آرایس پارٹی ایک محتاط اور منظم اندازاپنا رہی ہے ۔پارٹی کو اقتدار پرواپسی کےلئے کوئی جلدی نہیں ہے تاہم نچلی سطح سے پارٹی کی ازسرنو تشکیل اور نئی قیادت کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

چند پارٹی قائدین کے انحراف اور کانگریس میں شمولیت کے بعد چندرشیکھر راﺅ نے مبینہ طور پر ایسی صورتحال کو پارٹی کی مضبوطی اورعوام اور کیڈر کے درمیان قریبی تعلقات کواستوار کرنے کا ایک موقع قراردیاہے۔انہوںنے پہلے ہی اعلان کیاتھاکہ پارٹی کی ساخت اورڈھانچہ کومواضعات کی کمیٹیوں سے لے کر ریاستی ایگزیکٹیو باڈی تک مکمل طور پرتبدیل کیاجائے گا۔اگرچہ کہ چند قائدین نے اپنی وفاداریاں تبدیل کی ہیں تاہم ہم نے دیکھاہے کہ دوسرے درجہ کے بیشتر قائدین جو خصوصیت کے ساتھ تلنگانہ تحریک کے ابتدائی ایام سے پارٹی سے وابستہ ہیں۔ا ن کے ساتھ ساتھ نوجوان لیڈرس کی ایک خاصی تعداد اب بھی پارٹی کے ساتھ ہے۔بیشتر حلقہ جات میں پارٹی کی طاقت ابھی بھی برقرارہے۔ایک سینئر بی آرایس لیڈر نے بتایاکہ مناسب وقت پر صرف پارٹی کیڈر کو تھوڑا سا متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔

پارٹی کی تنظیم نو کے علاوہ بی آرایس آئندہ دو مہینوں کے دوران پارٹی کا پلینری اجلاس بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔عام طور پرسالانہ پلینری اجلاس ماہ اپریل میں منعقد کیاجاتاہے۔تاہم اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے باعث گزشتہ دو برسوں سے اجلاس کا انعقاد عمل میںنہیںلایاگیا۔پارٹی قیادت اس موقع سے استفادہ کرنے اورپارٹی کیڈر میں جوش وخروش اور توانائی پیدا کرنے کی خواہاں ہے۔کے چندر شیکھر راﺅ نے اس سلسلہ میں پہلے ہی پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت کی ہے۔ اس سلسلہ میںتواریخ اور مقام کااعلان عنقریب متوقع ہے

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button